جمعرات , جون 25 2026

بجلی، ریلوے، دفاع اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں توانائی، دفاع، انفراسٹرکچر، آئی ٹی، سکیورٹی اور ترقیاتی شعبوں کے لیے متعدد ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹس (TSGs) اور اہم پالیسی اقدامات کی منظوری دے دی گئی۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ای سی سی نے وزارت دفاع کی دو سمریوں کی منظوری دیتے ہوئے یومِ آزادی اور معرکۂ حق تقریبات 2025 کے اخراجات کے لیے 1.289 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی۔ کمیٹی نے اسلام آباد میں معرکۂ حق یادگار کی تعمیر کے لیے بھی 2 ارب روپے کی منظوری دی، جس پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) عملدرآمد کرے گی۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے پیش کی گئی سمریوں کے تحت پاکستان آسان خدمت مرکز اسلام آباد کے فیز ٹو کی تکمیل کے لیے 4.5 ارب روپے کی منظوری دی گئی، جبکہ 911.2 ملین روپے کی بچت کو اسمارٹ اسلام آباد منصوبے کے لیے مختص کرنے کی اجازت بھی دی گئی۔

ای سی سی نے وزیراعظم انسپیکشن کمیشن کے ملازمین سے متعلق اخراجات پورے کرنے کے لیے 8.216 ملین روپے کی منظوری دی، جبکہ بلوچستان میں خدمات انجام دینے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) اور پولیس سروس آف پاکستان (PSP) افسران کے لیے مراعاتی پیکج پر عملدرآمد کے لیے 312.3 ملین روپے بھی منظور کیے۔

کمیٹی نے یکم جولائی 2026 سے ٹیلی گرافک ٹرانسفر چارجز انسینٹو اسکیم (TTCIS) کو ختم کرنے کی بھی منظوری دی۔

ضلع شانگلہ میں ترقیاتی منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) کے تحت 793.7 ملین روپے منتقل کرنے کی اجازت دی گئی۔

وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے مالی سال 2025-26 کے پہلے سے منظور شدہ بجٹ سے فنڈز جاری کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

سمندری امور کے شعبے میں ملک بھر کی ماہی گیر کشتیوں میں ویسل مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے حصے کے طور پر 600 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی۔

توانائی کے شعبے میں ایک اہم فیصلے کے تحت ای سی سی نے سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (CPPA-G) کو ڈسکوز میں حکومتی ایکویٹی کے طور پر 52 ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔ کمیٹی نے کے الیکٹرک سے 97.649 ارب روپے کی رقم انٹر ڈسکو ٹیرف ڈیفرینشل سبسڈی میں منتقل کرنے اور ٹیسکو کے 44.198 ارب روپے کے بقایاجات ایڈجسٹ کرنے کی بھی اجازت دی۔

ای سی سی نے فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (نارتھ) کی آپریشنل صلاحیتوں اور سکیورٹی تیاریوں کو بہتر بنانے کے لیے 250 ملین روپے کی منظوری دی۔

کمیٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) کے لیے میزان بینک سے حاصل کردہ 50 ارب روپے کی فنانسنگ سہولت پر دی گئی خودمختار ضمانتوں (Sovereign Guarantees) کی مدت میں 30 جون 2027 تک توسیع کی منظوری بھی دی۔

اضافی ایجنڈا آئٹمز کے تحت پاکستان ریلویز کے لیے گرانٹ اِن ایڈ میں 7 ارب روپے اضافے کی منظوری دی گئی، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (P3A) کے آپریشنز جاری رکھنے کے لیے 22.4 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

ای سی سی نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ملازمین سے متعلق اخراجات پورے کرنے کے لیے 193.2 ملین روپے کی منظوری دی، جبکہ سول آرمڈ فورسز کے شہداء کے اہل خانہ کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 4.2 ارب روپے مختص کرنے کی بھی منظوری دی۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ یہ رقم موجودہ مالی سال میں دستیاب بچت سے فراہم کی جائے جبکہ باقی ضرورت آئندہ مالی سال میں پوری کی جائے گی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء برائے پیٹرولیم، سرمایہ کاری، تجارت اور تعلیم کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

انگلینڈ کی پاکستان کو  1-2 سے شکست 

ایف آئی ایچ پرو لیگ 2025-26 کے ایک دلچسپ اور سنسنی خیز میچ میں میزبان …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے