مجھے بہت دکھ ہواجب پتہ چلاچیئرمین پی ٹی آئی نے علیم خان کوجیل بھجوادیا،پیٹرن انچیف آئی پی پی
استحکام پاکستان کےپیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ہم نے عزم کیا ملک کی بہتری کریں گے،عوام کےلیے نیا ملک بنائیں گے جس میں انصاف ہوگا،روزگار کی فراوانی ہوگی،وہ جذبہ ابھی تک دل میں موجود ہے،امید ہی سب کچھ ہے،امید رکھنی چاہیے۔
راولپنڈی میں پارٹی سیکریٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ عبدالعلیم خان نے زبردست تقریر کی ہے، علیم خان میرے ساتھ بیٹھے تو میں نے کہا میری تقریر تم ہی کرو،علیم خان بہترین آدمی ہیں،انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے بہت محنت کی،مجھے بہت دکھ ہواجب پتہ چلاچیئرمین پی ٹی آئی نے علیم خان کوجیل بھجوادیا۔
انہوں نے کہا کہ میں اس مقصد کودیکھنا چاہتا ہوں جس کیلئے سارا کام شروع کیا تھا،ہم نے محنت کرکے پاکستان کےلیے کام کیا،اپنی ذات کےلیے بہت کرلیا،اب سب چھوڑ کرملک کی خاطر کام کریں،چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم ہاؤس کی کرسی پر بیٹھے تواسی رنگ میں رنگے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پرانی باتیں پسند نہیں کرتا،ہم نے جو بھی کام کیا،ہم نے عزم کیا ملک کی بہتری کریں گے،عوام کےلیے نیا ملک بنائیں گے جس میں انصاف ہوگا،روزگار کی فراوانی ہوگی،وہ جذبہ ابھی تک دل میں موجود ہے،نئی جماعت کامقصد وہی ہے پراناہے۔
جہانگیرترین نے کہا کہ ہم نے ایسا پاکستان بنانا ہے جس کودیکھ کرتمام لوگ خوش ہوں،لوگ دیکھیں ہمارا ملک 75سال سے نہیں بنا اب بنے گا،امید ہی سب کچھ ہے،امید رکھنی چاہیے، اصل کامیابی ہے امید کو پورا کرناہے،ہم لوگ اسی طرح محنت کرتے رہیں گے،اللہ تعالیٰ کامیابی دےگا ۔