
اے بی ایس ڈیولپرز نیشنل ٹی20 کپ 2026 کے سیمی فائنلز کے بعد کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن فائنل میں پہنچ گئے، فیصلہ کن میچ (آج) 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
اے بی ایس ڈیولپرز نیشنل ٹی20 کپ 2026 کے سیمی فائنلز کے بعد کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن نے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ پشاور کے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل کی رات کھیلے گئے دونوں سیمی فائنلز کے مختلف نتائج کے بعد ٹورنامنٹ کے فائنل کی لائن اپ مکمل ہو گئی، جبکہ فیصلہ کن مقابلہ 18 مارچ کو کھیلا جائے گا۔
پہلے سیمی فائنل میں کراچی ریجن وائٹس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیالکوٹ ریجن کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ سیالکوٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ حسن نواز نے 43 اور خواجہ ارحم نے 40 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی، جبکہ آخر میں علی افضل اور عثمان میر نے تیز رفتار رنز بنا کر اسکور کو 165 تک پہنچایا۔
کراچی کی جانب سے محمد عمر نے مؤثر باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز میں 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد اصغر نے دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی وائٹس نے جارحانہ آغاز کیا اور عبداللہ فضل اور کپتان سعود شکیل نے ابتدائی سات اوورز میں 92 رنز بنا ڈالے جس سے میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔
سعود شکیل نے 21 گیندوں پر 45 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے اور تین چھکے شامل تھے، جبکہ عبداللہ فضل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چھ چوکے اور سات چھکے لگائے اور ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔ ہارون ارشد اور دانش عزیز نے آخری لمحات میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 15.1 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔ بہترین کارکردگی پر عبداللہ فضل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دوسرے سیمی فائنل میں لاہور ریجن وائٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ عمران ڈوگر نے 31 گیندوں پر 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ محمد اخلاق نے 42 اور فرحان یوسف نے ناٹ آؤٹ 33 رنز بنا کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر پہنچایا۔ ایبٹ آباد کی جانب سے شہاب خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم مسلسل بارش کے باعث ایبٹ آباد کی اننگز شروع نہ ہو سکی اور میچ منسوخ کر دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے قوانین کے مطابق گروپ مرحلے میں بہتر پوزیشن ہونے کی وجہ سے ایبٹ آباد ریجن کو فائنل کے لیے کوالیفائی قرار دے دیا گیا۔
ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق اے بی ایس ڈیولپرز نیشنل ٹی20 کپ 2026 کا فائنل 18 مارچ کو رات ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا جبکہ خراب موسم کی صورت میں 19 مارچ کو ریزرو ڈے رکھا گیا ہے۔ فائنل میں کراچی ریجن وائٹس اور ایبٹ آباد ریجن کے درمیان مقابلہ متوقع طور پر سخت ہوگا کیونکہ دونوں ٹیموں نے ایونٹ میں مسلسل عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔
UrduLead UrduLead