Related Articles

اسکول اور کالجز دوبارہ کھل گئے
کراچی سمیت سندھ بھر میں دو ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجز میں تدریسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوگیا۔
سندھ بھر میں گرمیوں کی دو ماہ کی تعطیلات کے بعد سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے، جہاں نئے تعلیمی سال کی تدریسی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔
محکمہ تعلیم سندھ کے فیصلے کے مطابق یکم اگست سے ہفتہ وار تعطیل بھی ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی ادارے ہفتے میں چھ روز کھلے رہیں گے۔ نئے اوقات کار پر بھی آج سے عمل درآمد شروع ہوگیا ہے۔
تعطیلات کے بعد پہلے روز سرکاری اور نجی اسکولوں میں طلبہ کی حاضری معمول سے کم رہی۔ بعض نجی اسکولوں نے تدریسی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز 3 اگست سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تعلیمی ادارے دوبارہ کھلنے سے اسکولوں میں رونقیں بحال ہوگئیں۔ بچے والدین کے ہمراہ یا اسکول وینز کے ذریعے تعلیمی اداروں میں پہنچے، جبکہ اساتذہ نے مختلف دلچسپ اور سائنسی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کا استقبال کیا۔
اساتذہ نے طلبہ کو نئے تعلیمی معمول کے لیے تیار کرنے کے ساتھ انہیں تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ترغیب بھی دی۔ والدین کو نئے اوقات کار اور دیگر ضروری معلومات واٹس ایپ اور ای میل کے ذریعے فراہم کی گئیں۔
دوسری جانب اسکول کھلنے کے باعث کراچی سمیت بڑے شہروں میں صبح کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی معمول پر آگئی۔ اسکول وینز اور والدین کی گاڑیوں کی تعداد میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں کے اطراف ٹریفک دباؤ بھی دیکھنے میں آیا۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم سندھ نے رواں سال موسم گرما کی تعطیلات یکم جون سے 31 جولائی تک مقرر کی تھیں۔ تعطیلات کے اختتام کے بعد صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے۔
UrduLead UrduLead