
مداح افسردہ، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں
پاکستان کے معروف کامیڈی میزبان اور اسٹینڈ اَپ کامیڈین تابش ہاشمی نے جیو ٹی وی کے مقبول پروگرام ’ہنسنا منع ہے‘ سے الوداع کا اعلان کردیا، جس کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
تابش ہاشمی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پروگرام کو خیرباد کہنے کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ سفر جتنا بھی رہا، اچھا رہا، 2022 سے 2026 تک۔ تقریباً پانچ سال قومی ٹی وی پر کام کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔‘‘
انہوں نے پروگرام کی پوری ٹیم اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سفر میں ان کا ساتھ دیا۔ تابش ہاشمی نے ’ہنسنا منع ہے‘ کے ناظرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔
تابش ہاشمی نے کامیڈی کی دنیا میں ’ٹو بی آنیسٹ‘ سے نمایاں شناخت بنائی، جبکہ کراچی میں اسٹینڈ اَپ کامیڈی بھی کی۔ وہ کئی برس کینیڈا میں مقیم رہے، جہاں انہوں نے لاجسٹکس مینیجر کے طور پر بھی کام کیا۔
2022 میں جیو ٹی وی سے وابستہ ہونے کے بعد ’ہنسنا منع ہے‘ نے انہیں ملک بھر میں مزید مقبولیت دی۔ پروگرام کے بے تکلف اور برجستہ انداز نے خاص طور پر نوجوانوں میں انہیں نمایاں مقبولیت دلائی۔
تابش ہاشمی ان دنوں جیو ٹی وی پر نشر ہونے والے ’پاکستانز گاٹ ٹیلنٹ‘ کی میزبانی بھی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم ’آگ لگے بستی میں‘ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔
تابش ہاشمی کے الوداعی پیغام کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ بعض صارفین یہ قیاس بھی کر رہے ہیں کہ پروگرام چھوڑنے کا تعلق کشمیر کے معاملے پر ان کی جانب سے بنائی گئی ایک ویڈیو سے ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
تابش ہاشمی کے پروگرام سے علیحدگی کی اصل وجہ کیا ہے، اس بارے میں ان کی جانب سے اپنے الوداعی پیغام میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔
UrduLead UrduLead