بدھ , مارچ 18 2026

بارش اور آندھی کا نیا الرٹ: محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے 17 سے 20 مارچ کے دوران ملک میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کی پیشگوئی کر دی، بدھ اور جمعرات کو بھی شہر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی ارلی وارننگ کے مطابق 17 مارچ کی شام یا رات سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو 20 مارچ تک جاری رہ سکتا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود سے ابر آلود موسم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان اور اس سے ملحقہ علاقوں میں عید کے دنوں کے دوران بارش اور آندھی کے امکانات زیادہ ہیں۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری تازہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ بدھ اور جمعرات کے دوران شہر میں بھی مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ ملک میں داخل ہو رہا ہے جس کے باعث درجہ حرارت میں کمی اور بادلوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

موسمیاتی رپورٹ کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور پنجاب کے بعض علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے جبکہ جنوبی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرد آلود آندھی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان اور ملحقہ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کے باعث بعض مقامات پر موسمی صورتحال خراب رہنے کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مارچ کے دوران مغربی سسٹمز کے داخل ہونے سے بارش معمول کا حصہ ہوتی ہے، تاہم حالیہ سسٹم نسبتاً مضبوط ہے جس کے باعث بعض علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلے مقامات، بجلی کے کھمبوں اور کمزور عمارتوں سے دور رہیں۔

ارلی وارننگ سسٹم کے تحت متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان-بھارت ایک ہی پول

ایف آئی ایچ ورلڈ کپ میں پاکستان کو بھارت، انگلینڈ اور ویلز کے ساتھ پول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے