پیر , مارچ 16 2026

بارشوں کی پیشگوئی، پنجاب میں درجہ حرارت مزید کم

محکمہ موسمیات نے مزید بارش کا امکان ظاہر کردیا، کئی شہروں میں ژالہ باری اور برفباری

محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

لاہور میں رات سے جاری بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار تقریباً 14 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جس سے گرمی کی شدت کم ہوئی اور ٹھنڈک کا احساس بڑھ گیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوا ہے جس کے باعث بارشوں کا موجودہ سپیل دو روز تک جاری رہ سکتا ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں رات بھر وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری رہا۔ گجرات میں مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ سرگودھا میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی۔ ڈسکہ، وزیرآباد، میانوالی، پھالیہ، خانقاہ ڈوگراں، نارووال اور فیروزوالا میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں واضح کمی دیکھی گئی اور موسم سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ کے دوران بارشوں کا یہ سلسلہ معمول سے زیادہ ہے اور رواں سال پری مون سون سسٹم معمول سے پہلے متحرک ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ بارشیں گندم اور دیگر فصلوں کے لیے مفید سمجھی جارہی ہیں تاہم ژالہ باری اور تیز آندھی بعض علاقوں میں فصلوں کو نقصان بھی پہنچا سکتی ہے۔ زرعی ماہرین کا کہنا ہے کہ پنجاب ملک کی گندم پیداوار کا تقریباً 70 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے اس لیے موسم میں اچانک تبدیلی زرعی پیداوار پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں موسم مزید سرد ہوگیا ہے۔ مانسہرہ کے بالائی مقامات اور سیاحتی علاقوں شوگراں اور ناران میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھ گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد کے قریب رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارش کے باعث رات کا درجہ حرارت مزید کم ہوسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور موسلا دھار بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ حکام نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے جبکہ کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بارشوں کا یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی آئے گی تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اپریل کے آغاز سے درجہ حرارت دوبارہ تیزی سے بڑھ سکتا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ایل پی جی قیمتیں: اوگرا کنٹرول میں ناکام

پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد ایل پی جی 350 روپے فی کلو تک، اوگرا نرخ …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے