امتحان 16 اگست کو ہوگا
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ملک بھر کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگراموں میں داخلوں کے لیے میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026 کے انعقاد کا اعلان کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ عوامی نوٹس کے مطابق ایم ڈی کیٹ 2026 کا انعقاد اتوار 16 اگست 2026 کو صبح 10 بجے ملک بھر میں کیا جائے گا۔ امتحان مختلف صوبوں اور علاقوں میں نامزد جامعات کے ذریعے منعقد ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق پنجاب میں امتحان یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) لاہور، سندھ میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، خیبر پختونخوا میں خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور، بلوچستان میں بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کوئٹہ جبکہ اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ریاض (سعودی عرب) میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی (ایس زیڈ اے بی ایم یو) کے زیر انتظام لیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق آن لائن رجسٹریشن کا آغاز 22 جون 2026 سے ہوگا جبکہ معمول کی فیس کے ساتھ رجسٹریشن کی آخری تاریخ 8 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار 13 جولائی 2026 تک لیٹ فیس کے ساتھ بھی رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
پاکستان میں قائم امتحانی مراکز کے لیے رجسٹریشن فیس 9 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لیٹ رجسٹریشن فیس 13 ہزار روپے ہوگی۔ ریاض میں قائم بین الاقوامی امتحانی مرکز کے لیے رجسٹریشن فیس 45 ہزار روپے جبکہ لیٹ فیس کے ساتھ 55 ہزار روپے ادا کرنا ہوں گے۔ تمام فیسیں ناقابلِ واپسی اور ناقابلِ منتقلی ہوں گی۔
ایم ڈی کیٹ 2026 انگریزی زبان میں کاغذی (پیپر بیسڈ) امتحان ہوگا جس میں مجموعی طور پر 180 کثیرالانتخابی سوالات (ایم سی کیوز) شامل ہوں گے اور کوئی منفی مارکنگ نہیں ہوگی۔
سوالات کی تقسیم کے مطابق حیاتیات (بیالوجی) سے 81، کیمسٹری سے 45، فزکس سے 36، انگریزی سے 9 اور منطقی استدلال (لاجیکل ریزننگ) سے 9 سوالات شامل ہوں گے۔
پی ایم ڈی سی کے مطابق امتحان میں 15 فیصد سوالات آسان، 70 فیصد درمیانی درجے اور 15 فیصد مشکل نوعیت کے ہوں گے۔
امتحان لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد، بہاولپور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا، کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، کوہاٹ، کوئٹہ، اسلام آباد، مظفرآباد، راولاکوٹ، میرپور، گلگت اور دیگر شہروں میں امیدواروں کی تعداد کے مطابق منعقد کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ امیدوار صرف اپنے ڈومیسائل کے صوبے یا علاقے میں ہی امتحان دے سکیں گے، تاہم سندھ ڈومیسائل رکھنے والے امیدوار متعلقہ یونیورسٹی کے ذریعے اسلام آباد کو بھی امتحانی مرکز کے طور پر منتخب کر سکتے ہیں۔ ایک بار منتخب کیا گیا امتحانی مرکز بعد میں تبدیل نہیں کیا جا سکے گا۔
کونسل نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن اور دیگر تفصیلات کے لیے ایم ڈی کیٹ پورٹل کا استعمال کریں اور درخواست مکمل طور پر جمع کرائیں، کیونکہ نامکمل درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
پی ایم ڈی سی نے یہ بھی کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امتحانی شیڈول میں تبدیلی کا حق کونسل کے پاس محفوظ ہوگا۔
UrduLead UrduLead
