اتوار , اگست 9 2026

آٹھ سال بعد پاکستان کی عالمی کپ میں واپسی

قومی ہاکی ٹیم نیدرلینڈز و بیلجیئم روانہ، کھلاڑیوں کو 2 کروڑ روپے کا الاؤنس جاری

پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کے لیے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے نیدرلینڈز اور بیلجیئم روانہ ہو گئی۔ ٹورنامنٹ 15 سے 30 اگست تک نیدرلینڈز اور بیلجیئم میں مشترکہ طور پر کھیلا جائے گا۔

آٹھ سال بعد کوالیفیکیشن، بڑا امتحان بھی ساتھ

پاکستان، جو ماضی میں چار بار عالمی چیمپئن رہ چکا ہے، اس بار اپنی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔ قومی ٹیم کو ڈرا کے شفاف طریقہ کار کے بعد مشکل ترین گروپ میں رکھا گیا ہے — پول ڈی میں پاکستان کے ساتھ روایتی حریف بھارت، انگلینڈ اور ویلز کی ٹیمیں شامل ہیں، جسے ماہرین نے ‘بڑا امتحان’ قرار دیا ہے، تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ گرین شرٹس میگا ایونٹ میں سرپرائز دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پی ایچ ایف کے صدر کا کہنا ہے کہ آٹھ سال بعد ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے نیک شگون ہے۔

قومی اسکواڈ اور کوچنگ اسٹاف

پی ایچ ایف نے ورلڈ کپ کے لیے 20 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے، جس میں وقار اور علی رضا گول کیپرز کی حیثیت سے شامل ہیں۔ ابوبکر محمود کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ اسکواڈ میں محمد عبداللہ، محمد سفیان، معین شکیل، عبدالوحید اشرف رانا، عبدالحنان شاہد، زکریا حیات، ارشد لیاقت، عدیل لطیف، احمد ندیم، غضنفر علی، عماد شکیل بٹ، محمد حماد الدین انجم، رحمان عبدال، افراز، عمر مصطفیٰ، عبدالمتان اور محمد عماد شامل ہیں۔

کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے باب جوہان ویلڈہوف ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں نبھائیں گے جبکہ کرسٹوفر جان بوون اور عدنان ذاکر اسسٹنٹ کوچز اور محمد اویس قرنی ٹیم منیجر ہوں گے۔

مالی و لاجسٹک انتظامات مکمل

روانگی سے قبل پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھلاڑیوں کی مالی سہولت کو یقینی بنایا۔ فیڈریشن نے ہائی ورلڈ کپ کے لیے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچز کے بینک اکاؤنٹس میں 2 کروڑ روپے کا فارن ڈیلی الاؤنس پیشگی طور پر منتقل کر دیا ہے۔ فیڈریشن کے مطابق ایڈوانس ادائیگی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دورے کے دوران کھلاڑی اور آفیشلز مالی طور پر آسودہ رہیں اور اپنی تمام تر توجہ ورلڈ کپ کی تیاریوں اور کارکردگی پر مرکوز رکھ سکیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق تمام لاجسٹک انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ کھلاڑیوں اور کوچز کے سفر، رہائش اور طعام کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور کوچز کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، اور ٹیم کی روانگی سے قبل تمام مالی و انتظامی امور طے کر لیے گئے ہیں۔ صدر پی ایچ ایف نے ورلڈ کپ اسکواڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایک متوازن ترکیب ہے۔

دیگر گروپس پر ایک نظر

ورلڈ کپ کے گروپ اے میں نیدرلینڈز، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ اور جاپان شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں میزبان بیلجیئم، جرمنی، فرانس اور ملائیشیا اور گروپ سی میں آسٹریلیا، اسپین، آئرلینڈ اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔

قومی ٹیم مشکل گروپ کے باوجود بہتر کارکردگی اور کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی، جبکہ پوری قوم کی نظریں گرین شرٹس کی عالمی کپ میں واپسی پر جمی ہوئی ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

قومی ہاکی ٹیم کا اعلان: پاکستان کا بھارت سے دلچسپ مقابلہ طے

پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 20 رکنی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے