
روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز تِرمذی نے کہا ہے کہ پاکستان نے یوریشین اکنامک یونین (EAEU) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) پر باضابطہ مذاکرات کا عمل شروع کر دیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے “تاس” (TASS) کو دیے گئے انٹرویو میں سفیر تِرمذی نے بتایا کہ یہ معاہدہ آئندہ چند ماہ سے لے کر دو سال کے عرصے میں کسی بھی وقت حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اعلیٰ سطح پر پہلے ہی بات چیت جاری ہے، جو پاکستان کے وزیر تجارت اور یوریشین اکنامک یونین کی قیادت کے درمیان رابطوں کے بعد شروع ہوئی۔
سفیر کے مطابق پاکستان خود کو انٹرنیشنل نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور (INSTC) میں ایک فطری شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے، اور یوریشین اکنامک یونین کے رکن ممالک — روس، قازقستان، بیلاروس، آرمینیا اور کرغزستان — کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات کو تجارت، رابطہ کاری اور علاقائی انضمام کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ معاہدہ حتمی شکل اختیار کر لیتا ہے تو یہ پاکستان کو وسطی ایشیا اور روس کی منڈیوں تک براہ راست رسائی فراہم کرے گا، جو خطے میں تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت ثابت ہو سکتی ہے۔
UrduLead UrduLead