اتوار , جون 21 2026

میڈیکل و ڈینٹل کالجز میں ذہنی صحت اسکریننگ لازمی

 میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) نے ملک بھر کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو طلبہ اور فیکلٹی کے لیے ذہنی صحت کی اسکریننگ اور مشاورتی خدمات (کاؤنسلنگ) لازمی طور پر فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے میں تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے پرنسپلز اور ڈینز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذہنی صحت کے مسائل کی بروقت نشاندہی اور معاونت کے لیے باقاعدہ اسکریننگ نظام نافذ کریں۔

مراسلے کے مطابق ذہنی صحت کی جانچ دو اہم مراحل پر کی جائے گی۔ پہلی اسکریننگ طلبہ کے داخلے کے وقت ہوگی تاکہ کسی بھی پہلے سے موجود نفسیاتی مسئلے کی نشاندہی کی جا سکے، جبکہ دوسری اسکریننگ ہر سال انڈرگریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور فیکلٹی ممبران کے لیے لازمی ہوگی۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے اس مقصد کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تشخیصی ٹولز استعمال کرنے کی سفارش کی ہے، جن میں جنرل ہیلتھ کوئسچنائر (GHQ)، پیشنٹ ہیلتھ کوئسچنائر (PHQ-9)، ہاسپٹل اینگزائٹی اینڈ ڈپریشن اسکیل (HADS) اور بیک سوئیسائیڈ انوینٹری شامل ہیں۔

کونسل کے مطابق اسکریننگ کے دوران ایسے افراد جنہیں مزید نفسیاتی جانچ یا مدد کی ضرورت ہو، انہیں فوری طور پر سائیکاٹری ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کروایا جائے تاکہ ان کا مناسب علاج، رہنمائی اور فالو اپ ممکن بنایا جا سکے۔

مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ پی ایم اینڈ ڈی سی کے معیار کے مطابق تمام میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں مکمل طور پر فعال شعبہ نفسیات (Psychiatry Department) اور کاؤنسلنگ سیکشن کا قیام لازمی ہے۔ ان شعبوں میں تربیت یافتہ عملہ موجود ہونا چاہیے جو طلبہ اور اساتذہ کو خفیہ اور مؤثر نفسیاتی معاونت فراہم کر سکے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے کہا کہ میڈیکل تعلیم کا ماحول علمی طور پر نہایت سخت اور دباؤ والا ہوتا ہے، جس کے باعث طلبہ اور فیکلٹی کی ذہنی صحت کے تحفظ کو اولین ترجیح دینا ضروری ہے۔ کونسل نے بڑھتے ہوئے ذہنی امراض اور طلبہ میں خودکشی کے واقعات پر عوامی اور قانونی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

کونسل کے مطابق ذہنی صحت کی باقاعدہ اسکریننگ اور آسانی سے دستیاب کاؤنسلنگ سہولیات نہ صرف تعلیمی کارکردگی اور پیشہ ورانہ ترقی کو بہتر بنائیں گی بلکہ مستقبل کے صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی مجموعی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔

پی ایم اینڈ ڈی سی نے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں اور ذہنی صحت کے اس پروگرام کو فوری طور پر نافذ کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

جرمنی، جاپان اور نیدرلینڈز کی فتوحات

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے میچز میں جرمنی، نیدرلینڈز اور جاپان نے …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے