
پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی مقبول اداکارہ نمرہ خان، جو انسٹاگرام پر 47 لاکھ سے زائد فالوورز رکھتی ہیں، ایک بار پھر سوشل میڈیا پر زیرِ بحث ہیں، تاہم اس بار وجہ کوئی ڈرامہ نہیں بلکہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں۔
نمرہ خان کو “اے مشتِ خاک”، “احرامِ جنون”، “اُڑان”، “خوب سیرت”، “باغی” اور “امِ عائشہ” جیسے کامیاب ڈراموں میں کام کرنے پر بے پناہ پذیرائی مل چکی ہے۔ ڈرامہ “امِ عائشہ” میں حجاب پوش کردار میں ان کا انداز خاص طور پر مداحوں کو بہت پسند آیا تھا، جبکہ “احرامِ جنون” بھی ان کے کیریئر کے مقبول ترین اور سب سے زیادہ دیکھے جانے والے ڈراموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
جون 2026 میں نمرہ خان نے انسٹاگرام کے ذریعے اپنی شادی کی خوشخبری سنائی تھی، جو پیرس میں منعقد ہوئی۔ اداکارہ نے اس موقع پر اپنے نکاح کے یادگار لمحات بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیے تھے۔
تاہم اب نمرہ خان کی جانب سے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ایک اداس ریل نے طلاق کی قیاس آرائیوں کو جنم دے دیا ہے۔ اس ریل میں اداکارہ نے ایک جذباتی وائس اوور پیغام بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، جس میں انہیں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ زندگی خواہ کتنی ہی مشکل کیوں نہ ہو جائے، لوگ سمجھنا چھوڑ دیں یا کوئی ساتھ نہ دے، انسان کو کبھی خود کا ساتھ نہیں چھوڑنا چاہیے، کیونکہ جس دن انسان خود اپنا سہارا بن جائے، اس دن کوئی بھی اسے شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس حقیقت کو سمجھا جائے کہ انسان خود اپنے لیے کافی ہے۔
اداکارہ کی اس پوسٹ کے سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، تاہم نمرہ خان کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان یا وضاحت جاری نہیں کی گئی۔
UrduLead UrduLead