جمعرات , اگست 6 2026

کولیسٹرول کم کرنے والی ایفیریسس ٹیکنالوجی

ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ خون سے کولیسٹرول کم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایفیریسس ٹیکنالوجی جسم میں موجود مضر ’فوریور کیمیکلز‘ کو بھی خارج کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

جرمنی کی ٹیکنیکل یونیورسٹی ڈریسڈن کے محققین کی تحقیق، جو طبی جریدے ’برین ہیلتھ‘ میں شائع ہوئی، کے مطابق ڈبل فلٹریشن پلازما فیریسس کے سیشنز کے بعد مریضوں کے خون میں پی ایف اے ایس یعنی پرفلوروالکائل سبسٹینسز کی سطح 25 فیصد تک کم پائی گئی۔

ایفیریسس مشینیں عام طور پر ایسے مریضوں کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہیں جن کا کولیسٹرول غذا اور ادویات کے باوجود کم نہیں ہوتا۔ اس عمل میں ایک بازو سے خون نکالا جاتا ہے، فلٹر کے ذریعے چکنائی کے مالیکیولز پلازما سے علیحدہ کیے جاتے ہیں اور صاف شدہ خون دوسرے بازو کے ذریعے جسم میں واپس پہنچایا جاتا ہے۔ ڈریسڈن میں قائم مرکز دنیا کی سب سے بڑی ایفیریسس سہولت ہے، جہاں سالانہ تقریباً 10 ہزار علاج کیے جاتے ہیں۔

محققین نے یہ جاننے کے لیے کہ فلٹر چکنائی کے ساتھ اور کیا کچھ خارج کر رہا ہے، استعمال شدہ ایفیریسس بیگز کا تجزیہ کیا۔ نتائج میں سامنے آیا کہ پرفلوروآکٹینوک ایسڈ، پرفلوروآکٹین سلفونک ایسڈ سمیت متعدد مضر کیمیکلز کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔

تحقیق کے مصنف پروفیسر اسٹیفن بورنسٹائن کا کہنا تھا کہ جب یہ جاننے کی کوشش کی گئی کہ خون سے مزید کیا خارج ہو رہا ہے تو دو الگ الگ لیبارٹریوں نے پلازما میں انہی مضر کیمیکلز کی کمی کی تصدیق کی۔

واضح رہے کہ ’فوریور کیمیکلز‘ کہلانے والے یہ مادے دہائیوں سے نان اسٹک برتنوں، آگ بجھانے والی جھاگ اور داغ مزاحم کپڑوں میں استعمال ہوتے رہے ہیں اور یہ آسانی سے ماحول یا انسانی جسم میں تحلیل نہیں ہوتے۔ سابقہ تحقیقات کے مطابق دنیا کی 90 فیصد سے زائد آبادی کے خون میں یہ کیمیکلز موجود پائے گئے ہیں، جن میں سے اکثر کی وجہ آلودہ پینے کا پانی ہے۔

تاہم مائیکرو اور نینو پلاسٹک ذرات کے خاتمے کے حوالے سے واضح نتائج سامنے نہیں آ سکے۔ ماہرین نے خبردار کیا کہ یہ ٹیکنالوجی ابھی تحقیقی مرحلے میں ہے اور مضر کیمیکلز کے اخراج سے کہیں زیادہ ضروری ان کے ماخذ سے بچاؤ ہے، کیونکہ جسم میں جمع ہونے کے بعد صفائی کا عمل زیادہ مہنگا اور مشکل ثابت ہوتا ہے۔

تحقیقی ٹیم کے مطابق اگلے مرحلے میں بڑے جانوروں پر تجربات کیے جائیں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا ایفیریسس ٹیکنالوجی مؤثر طریقے سے مائیکرو اور نینو پلاسٹک ذرات بھی خارج کر سکتی ہے یا نہیں۔

نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پیٹرول 3 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 4 روپے 7 پیسے سستا

نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری حکومت نے 5 اگست کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے