جمعہ , نومبر 7 2025

ملک بھر میں شوگر کرشنگ سیزن 15 نومبر سے شروع کرنے کا فیصلہ

وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت شوگر ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں شوگر کرشنگ سیزن 15 نومبر 2025 سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے شرکت کی جس کی قیادت چوہدری ذکا اشرف نے کی، جبکہ چاروں صوبوں کے کین کمشنرز، وزارتِ صنعت و پیداوار، وزارتِ تجارت اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ فیصلہ تمام صوبوں اور شوگر ملز ایسوسی ایشن سے مکمل مشاورت کے بعد کیا گیا ہے تاکہ گنے کے کاشتکاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو شوگر ملز مقررہ تاریخ پر کرشنگ شروع نہیں کریں گی ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کو واجبات کی ادائیگی کرشنگ کے آغاز سے قبل یقینی بنائی جائے گی اور حکومت ایسے فیصلے کر رہی ہے جن سے کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہو اور ان کا استحصال نہ ہو۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بروقت کرشنگ سے نہ صرف گنے کے کاشتکاروں کو سہولت ملے گی بلکہ مارکیٹ میں چینی کی فراہمی بھی وقت پر یقینی بنائی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسانوں کے مفاد اور ملک میں چینی کی مستحکم سپلائی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے حکومت کے اس بروقت فیصلے کا خیرمقدم کیا اور اسے کاشتکاروں اور چینی کی صنعت دونوں کے لیے مفید قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے صوبائی حکام کو ہدایت دی کہ تمام شوگر ملز کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ کرشنگ کے دوران کسانوں کے حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ہفتہ وار مہنگائی میں 0.59 فیصد کمی، ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی — ادارہ شماریات

پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.59 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے