
ملک کے شمالی علاقوں بشمول خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاوہ بلوچستان کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا اور طویل خشک سالی کے بعد کچھ حد تک ریلیف ملا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے فعال سلسلے کے باعث موسم نے کروٹ لی۔ بالائی خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی جبکہ پہاڑی علاقوں میں معتدل سے شدید برفباری ریکارڈ کی گئی۔ میدانی علاقوں میں پشاور، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش ہوئی۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں ناران، کاغان، کالام، مالم جبہ، ہنزہ اور سکردو سمیت متعدد سیاحتی مقامات پر برف کی سفید چادر بچھ گئی۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا۔ کوئٹہ، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک، پنجگور، کیچ، گوادر، مستونگ، ہرنائی، ژوب اور چمن میں بارش ہوئی جبکہ شمالی زیارت اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی دیکھی گئی۔ بارش سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، تاہم بعض علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے باعث معمولات متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث پہاڑی سڑکوں پر پھسلن اور بندش کا خطرہ موجود ہے، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا، بالائی اور وسطی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر بارش ہوئی۔ پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند اور اسموگ جبکہ پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں شدید دھند چھائی رہی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں کالام 24 ملی میٹر، دیر 12، بالاکوٹ 11، میر خانی اور سیدو شریف 8، چترال اور پٹن 7 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گلگت بلتستان میں استور 13 اور سکردو میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔ پنجاب میں نور پور تھل 13، جوہرآباد اور بھکر 10، لیہ 9 اور چکوال میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کشمیر میں کوٹلی 12 اور گڑھی دوپٹہ میں 9 ملی میٹر جبکہ بلوچستان میں بار خان اور سمنگلی میں 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
کم سے کم درجہ حرارت لہہ اور گوپس میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کالام اور سکردو میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں بھی بالائی علاقوں میں سرد موسم اور بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان برقرار ہے۔
UrduLead UrduLead