پیر , فروری 9 2026

شمالی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا الرٹ

محکمہ موسمیات نے 9 اور 10 فروری کے دوران ملک کے شمالی اور پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار (9 فروری) کو ملک کے بیشتر حصوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم شمالی علاقوں اور مغربی بلوچستان میں مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

پیر (10 فروری) کو بلوچستان اور زیریں خیبر پختونخوا میں بارش جبکہ بعد از دوپہر بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے۔ اسی دوران خطہ پوٹھوہار اور وسطی پنجاب میں شام یا رات کے اوقات میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے ناران، کاغان، دیر، سوات، کالام، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں 9 اور 10 فروری کے دوران شدید برفباری کا خصوصی الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ میں پہاڑی سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی ممکنہ معطلی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی ایم اے) آزاد جموں و کشمیر نے بھی شدید بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ایس ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، میرپور، کوٹلی، بھمبر، راولاکوٹ، باغ، حویلی اور پونچھ میں پہاڑی سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کا خطرہ موجود ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خصوصاً پہاڑی علاقوں میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو اور ایمرجنسی اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

لاہور اور اسلام آباد میں مارکیٹس کھلی رہیں

کوئٹہ میں مکمل شٹر ڈاؤن، پشاور میں جزوی احتجاج مجموعی طور پر ہڑتال کال کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے