ہفتہ , مارچ 28 2026

حج 2026: بائیو میٹرک کی 17 فروری تک توسیع

نہ کرانے والے حج سے محروم رہیں گے

حج 2026 کے منتخب عازمین کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے سعودی ویزا بائیو میٹرک مکمل کرنے کی تاریخ میں توسیع کر دی ہے۔ اب عازمین کو 17 فروری 2026 تک یہ عمل مکمل کرنا ہوگا، اس کے بعد کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے حج ویزا کے اجراء کے لیے بائیو میٹرک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ بائیو میٹرک نہ کرانے والوں کو حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا اور وہ اس سال حج ادا نہیں کر سکیں گے۔

عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر عمل مکمل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچ سکیں۔عازمین حج گھر بیٹھے “سعودی ویزا بائیو” موبائل ایپ کے ذریعے بائیو میٹرک کرا سکتے ہیں، جس میں فنگر پرنٹس اور دیگر تفصیلات درج کی جاتی ہیں۔

تکنیکی مسائل یا ایپ استعمال نہ کرنے والے عازمین سعودی تاشیر سینٹرز سے رجوع کریں، جو سہولت کے لیے کھلے رہیں گے۔تاہم 80 سال سے زائد عمر کے بزرگ عازمین کو بائیو میٹرک سے استثنیٰ حاصل ہے۔ ان کے چہرے اور فنگر پرنٹس کا اسکین نہیں کیا جائے گا، البتہ ان کے پاسپورٹ کی اسکین تصدیق کے بعد انہیں ای میل موصول ہوگی۔

وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ بائیو میٹرک پراسیس مکمل ہونے کے بعد تصدیقی رسید ضرور حاصل کریں اور محفوظ رکھیں۔ یہ عمل حج ویزا کے اجراء اور سفر کی تیاریوں کے لیے انتہائی اہم ہے۔

۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پنجاب میں گندم خریداری مہم کا آغاز

ای سی سی کی منظوری سے قومی گندم پالیسی 2026 کے تحت 30 لاکھ ٹن …