وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع

غزہ سے متعلق عالمی سطح پر سفارتی کوششوں کے تحت قائم کیے گئے غزہ امن بورڈ کا پہلا اجلاس 19 فروری کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں غزہ کی موجودہ انسانی و سیکیورٹی صورتحال، جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ وزیراعظم کی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کی جانب سے غزہ امن بورڈ کے تمام 25 رکن ممالک کو باضابطہ دعوت نامے ارسال کیے جاچکے ہیں، جبکہ اجلاس کے ایجنڈے اور طریقہ کار پر بھی ابتدائی مشاورت مکمل کرلی گئی ہے۔
دوسری جانب برطانیہ، فرانس اور ناروے سمیت متعدد یورپی ممالک نے غزہ امن بورڈ کو اقوام متحدہ کے کردار کو چیلنج کرنے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس میں شمولیت سے انکار کر دیا ہے، جس کے باعث بورڈ کی افادیت اور عالمی قبولیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بعض ممالک کی جانب سے تحفظات کے باوجود امریکا اجلاس کو عالمی سطح پر امن کوششوں کی بنیاد بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
UrduLead UrduLead