
ہفتہ کی شب سے ملک کے شمالی حصوں میں ہلکی بوندا باندی کا آغاز ہوا، جس میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خطہ پوٹھوہار شامل ہیں، جبکہ اتوار کے روز ان علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو شمالی اور مغربی بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اسلام آباد اور پوٹھوہار ریجن میں بارش جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مشرقی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران دھند اور اسموگ چھائے رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے اور ٹریفک کی روانی میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج رات سے 21 دسمبر کے دوران ناران، کاغان، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، شانگلہ، استور، ہنزہ، اسکردو، مری، گلیات، وادی نیلم، باغ، پونچھ اور حویلی میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے باعث سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے سبب ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا۔ پنجاب اور بالائی سندھ کے بعض اضلاع میں دھند اور اسموگ چھائی رہی، تاہم جنوب مغربی بلوچستان کے چند مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں ریکارڈ ہوئی، جہاں قلات میں 13 ملی میٹر، جیوانی میں 9، گوادر میں 8، نوکنڈی میں 5، دالبندین میں 3 جبکہ ژوب، کوئٹہ اور پنجگور میں 2 اور تربت میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بگروٹ اور گوپس میں منفی 2، اسکردو میں منفی ایک اور قلات اور پاراچنار میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔
UrduLead UrduLead