بدھ , فروری 4 2026

انڈر 19 ایشیا کپ فائنل: بھارت کا فیلڈنگ کا فیصلہ

روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی انڈر 19 ٹیمیں آج دبئی میں اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں آمنے سامنے ہیں، جہاں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوا۔

فائنل سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا تھا کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے، کھلاڑی بھرپور فائٹ کریں گے اور ٹائٹل جیتنے کی کوشش کریں گے۔

پاکستان نے ٹورنامنٹ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی، جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے سری لنکا کو ہرا کر فیصلہ کن مرحلے تک رسائی حاصل کی۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم اگرچہ دو بار آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت چکی ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ اپنے نام نہیں کر سکی۔ 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو مشترکہ چیمپئن قرار دیا گیا تھا۔

اس بار پاکستان کی انڈر 19 ٹیم ایک نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری ہے، جہاں بیٹنگ لائن نمایاں کارکردگی دکھا رہی ہے۔ نوجوان بیٹر سمیر منہاس اب تک چار میچز میں 299 رنز بنا چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔

بولنگ کے شعبے میں رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان 11 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، جبکہ لیفٹ آرم بولر محمد صیام نے 8 وکٹیں لے کر حریف بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کیا۔ کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ٹیم کا مورال بلند ہے اور فائنل میں کامیابی کے لیے پرعزم ہیں۔

دبئی میں جاری یہ فائنل نہ صرف ٹائٹل کا فیصلہ کرے گا بلکہ پاک بھارت انڈر 19 کرکٹ کی ایک اور یادگار جھلک پیش کرے گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

امریکا-ایران مذاکرات عمان میں ہونے کا امکان

ایران اور امریکا کے درمیان جمعہ کو متوقع جوہری مذاکرات کے حوالے سے سفارتی سرگرمیاں …