
پرو ہاکی لیگ کھیلنے کے باوجود قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مسائل حل نہ ہو سکے اور وہ بدستور ڈیلی الاؤنس کے منتظر ہیں۔ ذرائع کے مطابق متعدد قومی کھلاڑیوں کو روزمرہ اخراجات پورے کرنے کے لیے ادھار لینا پڑ رہا ہے۔
متاثرہ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہیں یقین دلایا گیا تھا کہ پرو ہاکی لیگ کے آغاز کے بعد ڈیلی الاؤنس کی ادائیگیوں کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ فیڈریشن نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے اتنے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں کہ ڈیلیز کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے مطابق عملی طور پر صورتحال جوں کی توں ہے اور ڈیلی الاؤنس کا مسئلہ ایک بار پھر شدت اختیار کر گیا ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ نومبر میں دورۂ بنگلادیش کے لیے لگنے والے کیمپ کی ڈومیسٹک ڈیلی اور بنگلادیش میں انٹرنیشنل ڈیلی تاحال ادا نہیں کی گئی۔
کھلاڑیوں نے مزید بتایا کہ پرو ہاکی لیگ کے دوران لگنے والے کیمپ کی ڈومیسٹک ڈیلی کے ساتھ ساتھ غیر ملکی دورے کی انٹرنیشنل ڈیلی بھی واجب الادا ہے۔ ان کے مطابق بار بار یاد دہانی کے باوجود ادائیگیوں سے متعلق کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔

قومی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ مالی مشکلات نے ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی اور ذہنی یکسوئی کو متاثر کیا ہے۔ کھلاڑیوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیلی الاؤنس کی فوری ادائیگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ مالی دباؤ کے بغیر کھیل پر توجہ دے سکیں۔
UrduLead UrduLead