
خیبر پختونخوا کی ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے صوبے بھر کے لڑکیوں کے کالجز میں تقریبات اور سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے نئے اور سخت معیاری آپریٹنگ طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کر دیے ہیں۔
یہ اقدامات خوش آمدید اور الوداعی تقاریب، سپورٹس گالا، کلچرل پروگرامز اور اسی نوعیت کی دیگر تقریبات پرلا گو ہوں گے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، کسی بھی تقریب یا پروگرام کے انعقاد سے قبل ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن یا متعلقہ ریجنل ڈائریکٹر سے تحریری اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
کالج انتظامیہ کو تقریب سے پہلے شرکاء اور مہمانوں کی مکمل فہرست بھی پیش کرنی ہو گی۔ بغیر منظوری کے کوئی بھی تقریب منعقد نہیں کی جا سکے گی۔نئے ایس او پیز میں موسیقی، رقص، ماڈلنگ یا اس جیسی کسی بھی پرفارمنس پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
تقریب کے دوران طالبات کے لیے کالج یونیفارم پہننا لازمی ہو گا۔ کالج اوقات اور تقریبات کے دوران موبائل فون کے استعمال پر بھی سختی سے پابندی ہو گی۔ اس کے علاوہ تقاریب کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی بھی ممانعت ہے تاکہ طالبات کی پرائیویسی محفوظ رہے اور مواد کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔
یہ نئے ضابطے ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کیے گئے ہیں جن کا مقصد کالجوں میں نظم و ضبط، طلبہ کی حفاظت اور ثقافتی اقدار کے مطابق ماحول کو یقینی بنانا بتایا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات تعلیمی اداروں میں غیر ضروری تفریحات اور ممکنہ خلل کو روکنے کے لیے ضروری ہیں۔تاہم، سوشل میڈیا پر اس فیصلے پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگوں نے انہیں ضروری اور مناسب قرار دیا ہے جبکہ دیگر نے اسے تعلیمی آزادی اور جدید تقاضوں کے منافی قرار دے کر تنقید کی ہے۔
کچھ صارفین نے اسے “پتھر کے دور” کی طرف واپسی قرار دیا ہے۔خیبر پختونخوا میں لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے، لیکن یہ نئے ایس او پیز بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے ضابطوں سے طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں اور سماجی سرگرمیوں پر اثر پڑ سکتا ہے، جبکہ حامی انہیں ثقافتی اور اخلاقی اقدار کے تحفظ کے لیے اہم قرار دے رہے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن نے تمام متعلقہ کالجوں کو فوری طور پر ان ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ فیصلہ صوبے میں لڑکیوں کی تعلیم کے معیار اور ماحول کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
UrduLead UrduLead