
پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ بری طرح متاثر ہو گئی ہے، جس کے نتیجے میں موٹر ویز سمیت اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
موٹر وے پولیس کے مطابق حدِ نگاہ کم ہونے پر موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان انٹرچینج، ایم تھری فیض پور سے جڑانوالہ، ایم فور شیر شاہ سے خانیوال اور ایم الیون لاہور سے سمبڑیال تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ موٹر وے ایم فائیو روہڑی سے ملتان تک مکمل طور پر بند ہے۔
قومی شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں اسموگ کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے۔ لاہور 484 ایئر پارٹیکیولیٹ میٹر کے ساتھ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے۔ محکمہ ماحولیات پنجاب کی ویب سائٹ کے مطابق قصور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 374، ملتان کا 348 اور گوجرانوالہ کا 340 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو صحت کے لیے انتہائی مضر قرار دیا جا رہا ہے۔
UrduLead UrduLead