پیر , فروری 9 2026

اسلام آباد اور راولپنڈی میں سردی کی لہر برقرار

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

خراب موسم کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی رہنے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔

موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق دھند کی وجہ سے موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک، ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹروے اور ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک کے سیکشنز بند کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ دھند سے حد نگاہ میں کمی حادثات کا باعث بن سکتی ہے، لہٰذا شہری احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں۔

موٹروے پولیس نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ دھند کے دوران سفر صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات میں کریں، کیونکہ اس دوران حد نگاہ نسبتاً بہتر رہتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑاکے کی سردی برقرار رہے گی، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، لورالائی، پنجگور اور قلات میں بھی بادل برسنے سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔

About Aftab Ahmed

Check Also

بسنت 2026: تین روزہ رنگین جشن اختتام پذیر

وزیراعلیٰ مریم نواز نے دیگر شہروں میں بھی ‘سیف بسنت’ کا اعلان کر دیا پتنگ …