
بعض شعبوں میں مطلوبہ تعداد کے مطابق داخلہ درخواستیں موصول نہ ہوئی
قائداعظم یونیورسٹی نے فال 2026 کے بی ایس داخلوں کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ایڈمیشن ٹیسٹ (USAT) کی شرط ختم کرتے ہوئے تمام اہل امیدواروں کو درخواست دینے کی اجازت دے دی ہے۔
قائداعظم یونیورسٹی (کیو اے یو) نے فال 2026 کے بی ایس پروگراموں میں داخلوں کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے انڈرگریجویٹ اسٹڈیز ایڈمیشن ٹیسٹ (یو سیٹ) کی لازمی شرط ختم کر دی ہے۔

باخبر ذرائع کے مطابق یونیورسٹی کے بعض شعبوں میں مطلوبہ تعداد کے مطابق داخلہ درخواستیں موصول نہ ہونے کے باعث انتظامیہ نے اہل امیدواروں کا دائرہ وسیع کرنے کے لیے یو سیٹ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، قائداعظم یونیورسٹی نے اپنے سرکاری اعلامیے میں اس فیصلے کو داخلوں میں کمی سے نہیں جوڑا۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اب تمام امیدوار، خواہ انہوں نے یو سیٹ امتحان دیا ہو یا نہیں، بی ایس پروگراموں میں داخلے کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ امیدوار جنہوں نے یو سیٹ میں شرکت کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے، وہ بھی داخلے کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
یونیورسٹی نے واضح کیا ہے کہ یو سیٹ کی شرط ختم کیے جانے کے باوجود داخلہ پالیسی کے تحت دیگر تمام اہلیت کے معیار اور متعلقہ پروگراموں کی شرائط بدستور برقرار رہیں گی۔
اس فیصلے سے موجودہ داخلہ سائیکل میں بی ایس پروگراموں کے لیے درخواست دینے والے امیدواروں کی تعداد میں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، کیونکہ اب یو سیٹ نہ دینے والے طلبہ بھی داخلے کے لیے اہل ہوں گے۔
UrduLead UrduLead