منگل , جنوری 27 2026

پنجاب میں سالانہ 190 دن تعلیم لازمی

موسم گرما کی چھٹیاں 6 ہفتوں تک محدود

پنجاب حکومت نے تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی تعداد کم کرنے اور طلبہ کو زیادہ دنوں تک تعلیم دینے کا منصوبہ حتمی شکل دے دی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کی گئی ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی نے پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں اور کالجوں کے لیے یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کرنے کی سفارش کی ہے، جس کے تحت ہر سال کم از کم 190 دن تعلیم مکمل کرنا لازمی ہوگا۔

کمیٹی نے اپنے تیسرے اجلاس میں تجاویز کو حتمی شکل دی ہے۔ اس کے مطابق موسم گرما کی طویل تعطیلات کو 2 ماہ 15 دن سے کم کرکے صرف 6 ہفتوں تک محدود کر دیا جائے گا۔

نئے نظام کے تحت صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کو سالانہ صرف 175 دن چھٹیاں ملیں گی، جبکہ تعلیمی اور نصابی دنوں کی تعداد 190 تک بڑھا دی جائے گی۔

کمیٹی کا موقف ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں تعطیلات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے جس سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے۔ خاص طور پر سینئر کلاسز میں نصاب مکمل نہ ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔

چھٹیوں کو محدود کرنے سے نصابی عمل کی تکمیل ممکن ہو سکے گی اور طلبہ کی تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔نجی سکولوں کی ایسوسی ایشنز نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے اور اسے تعلیم کے معیار بہتر بنانے کے لیے مفید قرار دیا ہے۔

صوبائی سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تین دن کے اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کرکے پیش کیا جائے تاکہ نئے سیشن سے اس پر عملدرآمد شروع ہو سکے۔

یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب والدین اور اساتذہ کی جانب سے تعطیلات کی زیادتی اور نصاب مکمل نہ ہونے کے مسائل بار بار اٹھائے جا رہے تھے۔ کمیٹی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو چھٹیوں سے زیادہ لطف اندوز ہونے کی بجائے باقاعدہ تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔

ماہرین تعلیم کا خیال ہے کہ یہ اقدام طلبہ کی تعلیمی سطح بلند کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، البتہ والدین اور طلبہ کی جانب سے اس کے ممکنہ اثرات پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔

کچھ حلقوں کا کہنا ہے کہ گرمیوں کی شدید گرمی میں طویل تعطیلات طلبہ کی صحت کے لیے بھی ضروری ہوتی ہیں۔حکومت کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے تحت تعلیمی کیلنڈر کو لچکدار بنایا جائے گا تاکہ مختلف علاقوں کے موسم اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھا جا سکے۔ حتمی کیلنڈر تیار ہونے کے بعد اسے جلد از جلد نافذ کرنے کا ارادہ ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

‘سانول یارپیا’ کے خوشگوار اختتام پر فینز تقسیم

جیو ٹی وی کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پرائم ٹائم ڈرامہ سیریل سانول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے