
پاکستان کے سابق اور موجودہ کرکٹرز ایک مبینہ مالی فراڈ کا شکار ہوئے ہیں جس میں کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری ڈبل منافع کے لالچ میں کی گئی تھی۔
ذرائع کے مطابق کرکٹرز نے ایک کاروباری شخص کے ساتھ سرمایہ کاری کی، جو امریکا میں مقیم ہے اور کئی پاکستانی کرکٹرز سے دوستی رکھتا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز نے سابق کپتان کی پیروی میں یہ سرمایہ کاری کی۔ بعض کھلاڑیوں نے براہ راست کاروباری شخص کو رقم دی جبکہ دیگر نے اس کی دیکھا دیکھی میں حصہ لیا۔
ابتدائی طور پر کرکٹرز کو منافع بھی ملتا رہا، مگر بعد میں کاروباری شخص منظر سے غائب ہو گیا۔ کرکٹرز کا دعویٰ ہے کہ اب اس کا فون بند ہے اور اصل رقم واپس لینے کی کوششیں ناکام ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرکٹرز نے چند ہفتے قبل اس معاملے پر کوششیں کیں اور بعض کو جزوی رقم واپس بھی ملی ہے۔ تاہم اب تک مکمل حل نہیں نکل سکا۔ ایک مشہور کرکٹ ایجنٹ بھی اس فہرست میں شامل ہے جو رقم سے محروم ہوا ہے۔
مبینہ طور پر موجودہ اور سابق کپتانوں کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔ کرکٹرز نے مبینہ فراڈ کی کسی باضابطہ پلیٹ فارم پر شکایت درج نہیں کروائی اور نہ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ طور پر رابطہ کیا۔
دوسری جانب متاثرہ کھلاڑیوں نے جیو نیوز کے رابطہ کر نے پرمعاملے کی تردید کی ہے۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ “ہم نے کمپنی میں انویسٹمنٹ کی تھی، ہمارے ساتھ کوئی فراڈ نہیں ہوا۔” انہوں نے بتایا کہ کمپنی اب بھی رابطے میں ہے اور مارچ تک تمام پیمنٹس کلیئر کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ صرف دو چیک باؤنس ہوئے ہیں۔
کھلاڑیوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی اس معاملے پر رابطہ کیا تھا۔ انہوں نے محسن نقوی کو بتایا کہ “ابھی تک کوئی مسئلہ نہیں ہے، اگر کوئی مسئلہ ہوا تو بتائیں گے۔” کمپنی کا مالک دبئی میں ہے اور کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے۔یہ خبر ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ اس دوران پی سی بی نے ایک پروموشنل ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں پاکستان کی مہمان نوازی کو اجاگر کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے ‘نو ہینڈ شیک’ رویے پر طنز کیا گیا ہے۔
یہ معاملہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔ اگر کرکٹرز باضابطہ طور پر پی سی بی یا متعلقہ اداروں سے رجوع کرتے ہیں تو تحقیقات کا امکان بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
UrduLead UrduLead