جمعہ , مارچ 13 2026

پاکستانی ویزہ پالیسی تبدیل، آن آرائیول سہولت ختم

پاکستان نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ویزہ پالیسی میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے آن آرائیول اور پرائر ٹو آرائیول ویزوں کی سہولت ختم کر دی ہے، جبکہ اب تمام پاکستانی ویزے صرف متعلقہ سفارتخانوں اور سفارتی مشنز کے ذریعے جاری ہوں گے۔

وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق حکومت نے ویزہ اجرا کے طریقہ کار میں تبدیلی کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات اور امیگریشن نظام کو مزید سخت بنانے کیلئے کیا ہے۔ نئے طریقہ کار کے تحت وزارت داخلہ آن آرائیول اور پرائر ٹو آرائیول ویزوں کے اختیار سے دستبردار ہو گئی ہے اور اب ویزہ جاری کرنے کا مکمل اختیار بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں اور سفارتی مشنز کے پاس ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویزہ درخواست دینے کا موجودہ آن لائن پورٹل برقرار رہے گا، تاہم درخواست موصول ہونے کے بعد کیس براہ راست متعلقہ پاکستانی سفارتخانے یا ہائی کمیشن کو بھیجا جائے گا۔ ویزہ اسی صورت میں جاری ہوگا جب متعلقہ سفارتی مشن سیکیورٹی اور دستاویزی جانچ مکمل کرنے کے بعد کلیئرنس دے گا۔ حکام کے مطابق اس طریقہ کار سے ویزہ اجرا کا عمل زیادہ منظم اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔

پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں سیاحت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ویزہ پالیسی کو نرم کیا تھا۔ 2019 میں متعارف کرائے گئے آن لائن ویزہ نظام کے تحت درجنوں ممالک کے شہریوں کو آن آرائیول اور ای ویزہ کی سہولت دی گئی تھی، جس کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانا اور سیاحتی شعبے کو فروغ دینا تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس پالیسی کے بعد پاکستان آنے والے غیر ملکی سیاحوں اور کاروباری وفود کی تعداد میں اضافہ ہوا، تاہم سیکیورٹی ادارے وقتاً فوقتاً اس نظام کے غلط استعمال پر تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ علاقائی صورتحال، غیر قانونی امیگریشن کے خدشات اور دستاویزات کی سخت جانچ کی ضرورت کے باعث ویزہ اجرا کا اختیار دوبارہ سفارتی چینل تک محدود کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق نئے طریقہ کار میں ہر درخواست کی مکمل تصدیق متعلقہ سفارتخانے کے ذریعے کی جائے گی تاکہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بغیر کسی کو ویزہ جاری نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق پاکستان اس وقت بارڈر مینجمنٹ، امیگریشن کنٹرول اور داخلی سیکیورٹی کے نظام کو سخت کرنے کی پالیسی پر عمل کر رہا ہے، جس کے تحت ویزہ، پاسپورٹ اور داخلہ اجازت ناموں کے طریقہ کار میں مرحلہ وار تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی بعض ممالک کیلئے ویزہ شرائط سخت کی گئی تھیں جبکہ افغان مہاجرین اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے حوالے سے بھی پالیسی پر نظرثانی کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئی ویزہ پالیسی کا مقصد سیکیورٹی کو یقینی بنانا ہے جبکہ آن لائن درخواست کا نظام برقرار رکھا گیا ہے تاکہ درخواست دہندگان کو سہولت بھی ملتی رہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق آئندہ بھی ویزہ اجرا کا عمل سفارتی مشنز کی کلیئرنس سے مشروط رہے گا اور پاکستانی ویزہ پالیسی میں حالیہ تبدیلیاں داخلی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق کی گئی ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہو سکا، مذاکرات جاری

پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تیسرے جائزے پر …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے