
لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے معروف تعلیمی ادارے KIPS کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عابد وزیر خان کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، عابد وزیر خان 21 جنوری 2026 کی شام تقریباً 6 بجے اپنے دفتر سے گھر کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
اغوا کا مقدمہ ان کے بھائی طاہر وزیر خان (جو KIPS کے ڈائریکٹر فنانس ہیں) کی مدعیت میں تھانہ جوہر ٹاؤن میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ اغوا کی دفعات کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں درج بیان کے مطابق، عابد وزیر خان اغوا کے وقت اپنی خاتون جنرل مینجر (مڈم لبنیٰ) سے فون پر بات کر رہے تھے۔ دوران کال گاڑی کے شیشے پر دستک کی آواز آئی اور ایک نامعلوم شخص نے کہا کہ “تم نے میری گاڑی کے ساتھ ایکسیڈنٹ کیا ہے”۔ اس کے فوراً بعد فون کال منقطع ہو گئی اور عابد وزیر خان کا موبائل فون سوئچ آف ہو گیا۔ اس کے بعد سے ان سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اغوا برائے تاوان کا لگ رہا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر اداروں کی مدد سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ مختلف اضلاع میں سرگرمیاں جاری ہیں۔
KIPS ایک بڑا تعلیمی گروپ ہے جو لاہور سمیت ملک بھر میں تعلیم کے شعبے میں فعال ہے۔ اس واقعے نے تعلیمی حلقوں اور شہریوں میں تشویش پیدا کر دی ہے۔
پولیس نے فوری طور پر ملزمان کی تلاش اور مغوی کی بازیابی کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
UrduLead UrduLead