منگل , جنوری 27 2026

ڈیبٹ سرچارج مزید 5 سے 6 سال تک جاری

حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بجلی صارفین پر عائد ڈیبٹ سرچارج (قرض کی ادائیگی کا اضافی چارج) 3.23 روپے فی یونٹ جاری رہے گا، جو پانچ سے چھ سال تک برقرار رہے گا۔

اس کے ساتھ ہی رواں سال کے لیے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) اور کے الیکٹرک کے لیے یونیفارم نیشنل بیس ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سرکلر ڈیبٹ کو ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے جس کے تحت یہ قرضہ پانچ سے چھ سال میں مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔

ایک بار سرکلر ڈیبٹ کلیئر ہونے کے بعد 3.23 روپے فی یونٹ کا ڈیبٹ سرچارج واپس لے لیا جائے گا، جس سے صارفین کو بجلی کی ٹیرف میں مزید ریلیف ملے گا۔

حکومت نے انڈسٹریل اور زرعی صارفین کے لیے سرپلس پاور پیکیج متعارف کرایا ہے جس کے تحت اضافی بجلی 22.98 روپے فی یونٹ کی رعایتی شرح پر تین سال تک دستیاب ہوگی، جو انڈسٹریل ٹیرف کو کم کرنے میں مدد دے گی۔

پاور ڈویژن نے تسلیم کیا ہے کہ آف گرڈ سولر اور ہائبرڈ استعمال کی وجہ سے پروٹیکٹڈ صارفین کی تعداد 2021 میں 11 ملین سے بڑھ کر اب 22 ملین ہو گئی ہے، جس سے سبسڈی کے تقاضے متاثر ہوئے ہیں اور کراس سبسڈی کا بوجھ انڈسٹریل اور کمرشل صارفین پر بڑھ گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ کمرشل، بلک سپلائی اور ہائی کنزمنگ گھریلو صارفین صنعتی شعبے کے مقابلے میں زیادہ کراس سبسڈی کا بوجھ اٹھا رہے ہیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے بھی اجاگر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے پاور ڈویژن نے کہا کہ صنعتی صارفین پر کراس سبسڈی کا بوجھ کم کرنے کے لیے مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے، جن میں سبسڈی اصلاحات اور ڈیبٹ ری فنانسنگ شامل ہیں۔

ڈیٹا کے مطابق مارچ 2024 میں جب موجودہ حکومت نے ذمہ داری سنبھالی تھی تو صنعتی کراس سبسڈی 225 ارب روپے (8.9 روپے فی یونٹ) تھی جو اب 102 ارب روپے (4.02 روپے فی یونٹ) رہ گئی ہے، یعنی 123 ارب روپے کی کمی آئی ہے۔

انڈسٹریل بجلی ٹیرف (ٹیکس سمیت) مارچ 2024 میں 62.99 روپے فی یونٹ سے کم ہو کر دسمبر 2025 میں 46.31 روپے فی یونٹ ہو گئی ہے، جبکہ قومی اوسط ٹیرف 53.04 روپے سے گھٹ کر 42.27 روپے فی یونٹ رہ گئی ہے۔

ٹیرف کم کرنے کے لیے حکومت نے غیر موثر پاور پلانٹس بند کر دیے ہیں اور آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر دوبارہ مذاکرات کیے ہیں۔ باقی آئی پی پیز کے ساتھ بھی مذاکرات جاری ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے