
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جارہی ہے اور اس مقصد کیلئے نجکاری کی بڈنگ پورے ملک میں ٹی وی پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کے کھوئے ہوئے تشخص کی بحالی اور قومی ایئر لائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے نجکاری کا عمل تیزی اور شفافیت کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے یہ بات پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے والے تمام کاروباری شخصیات اور کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، اعظم نذیر تارڑ، اویس لغاری، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، مشیر محمد علی، معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو یقین ہے کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے ایک مرتبہ پھر اپنی تاریخی شناخت “گریٹ پیپل ٹو فلائی وِتھ” پر پورا اترے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی ایئر لائن کی عالمی پروازوں کی بحالی سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے سہولت بڑھے گی، جبکہ پاکستان کے سیاحتی شعبے کی ترقی میں بھی پی آئی اے کا جدید اور فعال ہونا لازمی ہے۔
وزیرِ اعظم نے اعلان کیا کہ پی آئی اے کی بڈنگ 23 دسمبر 2025 کو ہوگی اور اسے تمام قومی میڈیا پر لائیو نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جو بھی کنسورشیم یا ادارہ بڈنگ جیتے گا وہ قومی ایئر لائن کی بہتری، جدید نظم و نسق اور تشخص کی بحالی کیلئے پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرے گا۔
ملاقات میں شریک بڈرز نے حکومت کی جانب سے نجکاری کے عمل کو پیشہ ورانہ، شفاف اور عالمی معیار کے مطابق چلانے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے نجکاری کے پورے عمل میں واضح اور قابلِ عمل حکمتِ عملی اپنائی ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے۔
وزیرِ اعظم نے شرکاء کو یقین دلایا کہ حکومت نجکاری کے دوران تمام تقاضے پورے کرے گی اور قومی مفاد کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے گا۔
UrduLead UrduLead