
گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اہم اجلاس آج وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی صدارت میں اسلام آباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس کا تفصیلی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کے علاوہ پرائیوٹ ممبران بھی شریک ہوں گے۔ اجلاس میں پہلی بریفنگ وفاقی سیکریٹری خزانہ دیں گے، جس میں مرکزی حکومت کی موجودہ مالی صورتِ حال پر جامع رپورٹ پیش کی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران این ایف سی ایوارڈ کی تشکیل کے لیے آئندہ اجلاسوں کا شیڈول اور ٹائم لائنز طے کی جائیں گی۔ ساتھ ہی وفاقی وزارتِ خزانہ اپنی مالی پوزیشن پر باضابطہ بریفنگ دے گی، جس کے بعد چاروں صوبوں کو بھی 10، 10 منٹ کے لیے اپنی مالی حیثیت پر بریفنگ دینے کا موقع دیا جائے گا۔
اس موقع پر وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت اجلاس میں صوبوں کا مؤقف بھرپور طریقے سے سنے گی اور اپنی مالی صورتِ حال بھی شفاف انداز میں سامنے رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم پاکستان فرسٹ کے جذبے کے ساتھ بیٹھیں گے اور قومی مفاد میں فیصلے کرنے کی کوشش کریں گے۔”
این ایف سی ایوارڈ کے لیے ہونے والے اس اجلاس کو مستقبل کی مالیاتی تقسیم اور مرکز و صوبوں کے مالی تعلقات کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
UrduLead UrduLead