
نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ باہر پہنے جانے والے جوتے گھروں میں خطرناک جراثیم پھیلاتے ہیں، جو مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں۔
ایریزونا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق، باہر استعمال ہونے والے جوتے گھر کے فرش پر 90 فیصد تک بیکٹیریا منتقل کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ جراثیم سانس، معدے اور جلدی امراض کا باعث بن سکتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایک عام جوتے کے تلوے پر اوسطاً لاکھوں بیکٹیریا پائے جاتے ہیں جن میں E.coli اور دیگر نقصان دہ جراثیم شامل ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ دروازے پر جوتے اتارنے کی پرانی روایت دراصل سائنسی طور پر صحت مند عادت ہے۔ گھر کے اندر ننگے پاؤں یا علیحدہ چپل پہننے سے نہ صرف صفائی برقرار رہتی ہے بلکہ پیروں کی مضبوطی، توازن اور جلد کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا کہ چھوٹے بچے جو زیادہ تر فرش پر کھیلتے ہیں، ان جراثیموں سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، جس سے انہیں سانس یا معدے کے انفیکشنز لاحق ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گھر میں داخل ہوتے وقت جوتے باہر اتارنا، علیحدہ چپل استعمال کرنا اور فرش کو روزانہ صاف رکھنا بیماریوں سے بچاؤ کے لیے موثر طریقہ ہے۔ عالمی سطح پر بھی کئی ممالک میں یہ عادت صحت مند طرزِ زندگی کا حصہ سمجھی جاتی ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
UrduLead UrduLead