
جنوبی افریقا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں وکٹ کیپر بیٹر کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے دی، یوں تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہوگئی۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے اور پروٹیز کو 270 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم نے جارحانہ آغاز کیا اور صرف دو وکٹیں گنوا کر 41ویں اوور کی پہلی گیند پر ہدف حاصل کرلیا۔
کوئنٹن ڈی کوک نے ناقابلِ شکست 123 رنز کی دلکش اننگز کھیلی جس میں 7 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔ ان کے ساتھ ٹونی ڈی زوری نے 76 اور لوان ڈرے پریٹوریئس نے 46 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن نے بہتر کارکردگی دکھائی۔ سلمان آغا نے 106 گیندوں پر 69 رنز، محمد نواز نے 59 گیندوں پر 59 رنز (4 چھکے، 3 چوکے) اور صائم ایوب نے 53 رنز (5 چوکے، 1 چھکا) اسکور کیے۔

جنوبی افریقا کے ناندرے برگر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ پیٹر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں — حسن نواز اور ابرار احمد کو ڈراپ کر کے فہیم اشرف اور وسیم جونیئر کو شامل کیا گیا۔ پروٹیز ٹیم میں بھی دو تبدیلیاں کی گئیں۔
سیریز کا فیصلہ کن تیسرا ون ڈے میچ 8 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
UrduLead UrduLead