
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے دوسرے ون ڈے میں پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 269 رنز بنا لیے، اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 270 رنز کا ہدف دے دیا۔
ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں 5 دلکش چوکے شامل تھے۔ دوسری جانب مڈل آرڈر بیٹر سلمان آغا نے بہترین فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 69 رنز اسکور کیے اور اننگز کو مستحکم رکھا۔
محمد نواز نے اننگز کے آخری حصے میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 59 رنز بنائے، جن میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ ان کی بیٹنگ نے پاکستان کا مجموعہ 250 کے پار پہنچا دیا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بوش اور نگابایومزی پیٹر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ دیگر بولرز پاکستانی بلے بازوں کو زیادہ دیر تک روکنے میں ناکام رہے۔
پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ آرڈر نے مجموعی طور پر بہتر توازن دکھایا، تاہم چند اہم کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ آخری دس اوورز میں پاکستان نے 78 رنز جوڑے، جس سے ٹیم کو ایک قابلِ دفاع ہدف ترتیب دینے میں مدد ملی۔

اب جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کے لیے 50 اوورز میں 270 رنز درکار ہیں۔ فیصل آباد کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دیکھی جا رہی ہے، تاہم دوسری اننگز میں اسپنرز کا کردار اہم ثابت ہو سکتا ہے۔
پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے، اور اگر وہ یہ میچ جیتنے میں کامیاب ہوتا ہے تو تین میچوں کی سیریز اپنے نام کر لے گا۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے لیے یہ میچ سیریز میں بقا کی لڑائی ہے۔
UrduLead UrduLead