جمعرات , نومبر 6 2025

تین ماہ کے لیے بجلی 45 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں بجلی کے نرخوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی درخواست پر سماعت مکمل کرلی گئی، جس کے بعد تین ماہ کے لیے 45 پیسے فی یونٹ اضافہ متوقع ہے۔ نیپرا کے چیئرمین وسیم مختار کی سربراہی میں ہونے والی سماعت میں ڈسکوز، کے الیکٹرک اور صارفین کے نمائندے شریک ہوئے۔

وفاقی حکومت نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 45 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جبکہ ڈسکوز نے جولائی تا ستمبر 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت 8 ارب 41 کروڑ روپے کے اضافی واجبات کا مطالبہ کیا۔ نیپرا نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔

صارفین کے نمائندوں نے سماعت میں مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے حال ہی میں تین ماہ کے لیے بجلی کے نرخ 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کم کرنے کا اعلان کیا تھا، اس کے باوجود گردشی قرض بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق زرعی اور صنعتی شعبوں کے لیے دیے گئے حکومتی پیکیجز کا مالی اثر بھی صارفین پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

ممبر سندھ، رفیق شیخ نے ریمارکس دیے کہ پاور سیکٹر کے موجودہ ڈھانچے کے تحت گردشی قرض کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے نقصانات، لائن لاسز اور چوری پر قابو نہیں پایا جاتا، گردشی قرض بڑھتا رہے گا۔

صنعتی صارفین نے مؤقف دیا کہ صنعت پہلے ہی گردشی قرض کے سرچارج کی مد میں 3 روپے 23 پیسے فی یونٹ ادا کر رہی ہے، اب بینکوں سے لیے گئے نئے قرضوں پر بھی سرچارج عائد کیا جا رہا ہے، جو صنعتی مسابقت پر منفی اثر ڈالے گا۔

پاور ڈویژن کے حکام نے وضاحت دی کہ حالیہ سہ ماہی میں اضافی نقصانات اور کم ریکوری کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوا ہے۔ نیپرا نے تمام اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کرنے کا عندیہ دیا۔

صارفین کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ایک بار پھر کیپسٹی پیمنٹس (capacity payments) میں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے باعث جولائی تا ستمبر 2025 کے دوران گردشی قرض میں مزید اضافہ ہوا۔

پاور حکام نے بتایا کہ گردشی قرض میں اضافے کی دو بنیادی وجوہات ہیں — بجلی کمپنیوں کے نقصانات میں 87 ارب روپے کا اضافہ اور ریکوری کی شرح میں 84 ارب روپے کی کمی۔

اتھارٹی کے مطابق سماعت مکمل کرلی گئی ہے اور تفصیلی فیصلہ آئندہ چند روز میں جاری کیا جائے گا، جس کے بعد وفاقی حکومت بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

پی آئی اے کا آپریشنل بحران شدت اختیار کرگیا، انجینئرز سے رابطہ نہ ہوسکا

قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو درپیش آپریشنل بحران مزید سنگین صورت …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے