پیر , اکتوبر 13 2025

پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز

مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہو چکی ہے، جب کہ بھارت میں اس فلم کی ریلیز پر تاحال پابندی عائد ہے۔

22 جون کو فلم کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کو دکھایا گیا تھا اور ساتھ ہی فلم کے پروڈیوسرز نے اعلان کیا تھا کہ یہ فلم بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

بعدازاں ہانیہ عامر کی فلم میں شمولیت کے بعد، فلم کے پروڈیوسرز اور خاص طور پر بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو بھارتی فلم سازوں کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا ہے۔

گزشتہ روز سندھ، پنجاب اور وفاق، تینوں پاکستانی سنسر بورڈز نے فلم کو پاکستانی سینماؤں میں نمائش کی اجازت دے دی۔

فلم کی سینسر بورڈ سے منظوری کی تصدیق امیجز کو فلم کے پاکستانی ڈسٹری بیوٹر زین ولی نے کی، جو ولی فلمز کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ فلم کے پروڈیوسرز میں بھی شامل ہیں۔

اداکارہ ہانیہ عامر نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر فلم کا ایک پوسٹر شیئر کیا، جس میں بتایا گیا کہ ’سردار جی تھری‘، جس میں وہ دلجیت دوسانجھ کے مقابل مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں، ملک بھر کے سینماؤں میں ریلیز کی جائے گی۔

ہانیہ عامر کی جانب سے شیئر کیے گئے پوسٹر میں پاکستان کے کئی بڑے سینماؤں جن میں سینی پیکس، نیوپلیکس سینماز (کراچی)، کیو سینماز (لاہور)، سینٹورس سینی پلیکس (اسلام آباد) سمیت دیگر شامل ہیں، ان کو فلم کی نمائش کے مقامات کے طور پر درج کیا گیا ہے۔

اب تک دو سینماؤں نے امیجز کو تصدیق کی ہے کہ فلم ’سردار جی تھری‘ ان کے ہاں ضرور نمائش کے لیے پیش کی جائے گی.

امیجز سے بات کرتے ہوئے لاہور کے یونیورسل سینماز نے بتایا کہ وہ فلم ’سردار جی تھری‘ کی نمائش کریں گے، جس کا پہلا شو کل صبح 11 بجے رکھا گیا ہے۔

ادھر اسلام آباد کے سینٹورس سینی پلیکس نے بھی تصدیق کی ہے کہ فلم ان کے سینما میں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ایک نمائندے نے امیجز کو بتایا کہ اگرچہ ابھی شو کا مکمل شیڈول فائنل نہیں ہوا، لیکن آج رات 7 یا 8 بجے تک اوقاتِ کار کا اعلان کر دیا جائے گا۔

دونوں سینماؤں کی جانب سے فلم کا پوسٹر ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کراچی کی بڑی سینما چین نیوپلیکس سینماز نے بتایا ہے کہ انہیں اب تک فلم کی نمائش کے حوالے سے کوئی ہدایت موصول نہیں ہوئی۔

ایک نمائندے نے امیجز سے گفتگو میں کہا کہ بھارتی فلموں پر پابندی اب بھی برقرار ہے، اگر ہمیں ’سردار جی تھری‘ کی نمائش کا کوئی نوٹس موصول ہوتا ہے تو ہم اس کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

یہ فلم گنبیر سنگھ سدھو، منمور سدھو اور دلجیت دوسانجھ کی پروڈکشن میں تیار کی گئی ہے، جب کہ وائٹ ہل اسٹوڈیوز اور اسٹوری ٹائم پروڈکشنز جیسے پروڈکشن ہاؤسز نے اس پر کام کیا ہے۔

تاہم، ان میں سے کسی نے بھی تاحال اپنے آفیشل پلیٹ فارمز پر پاکستان میں ریلیز کا اعلان نہیں کیا۔

فلم سازوں کی جانب سے باضابطہ بیان نہ آنے کی وجہ سے کچھ ابہام ضرور پایا جاتا ہے، لیکن مختلف سینماؤں کی تصدیق اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ یہ فلم ممکنہ طور پر ملک کے چند سینماؤں میں ضرور نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

’سردار جی تھری‘ اگرچہ ایک بھارتی پنجابی زبان کی فلم ہے، لیکن اسے بولی وڈ کے مرکزی دائرے سے ہٹ کر شمار کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کی پروڈکشن کمپنی وائٹ ہل اسٹوڈیوز کینیڈا کے شہر وینکوور میں باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہے، جس کی وجہ سے یہ فلم پاکستان میں بھارتی فلموں پر عائد پابندی کو جزوی طور پر نظرانداز کرتے ہوئے نمائش کی اجازت حاصل کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں پر باضابطہ پابندی 2019 میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے بعد، سیاسی کشیدگی کے باعث لگائی گئی تھی۔

تاہم، اس کے باوجود حالیہ برسوں میں ’جٹ اینڈ جولیئٹ‘ سیریز سمیت کچھ پنجابی فلمیں پاکستان میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہیں۔

یہاں یہ بتاتے چلیں کہ فلم کی پاکستان میں ریلیز کی خبر سن کر شائقین بے حد پرجوش ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ سینما جا کر یہ فلم دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

About Aftab Ahmed

Check Also

سینیٹر انوشہ رحمان پنجاب کی سینئر ایڈوائزر مقرر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینیٹر …