پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں آج بارش کا امکان ہے۔
مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، دیر اور سوات کے ندی نالوں میں طغیانی کاخدشہ ہے، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی، اسلام آباد، راولپنڈی کے ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہوگا۔
ڈی جی خان، آزاد کشمیر، موسیٰ خیل، بارکھان کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں، کراچی، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، حیدرآباد کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جھکڑ چلنے سے کمزور انفراسٹرکچر، بجلی کے کھمبے، سولر پینلز کونقصان ہو سکتا ہے، شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ ہونے کا بھی امکان ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے اور بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج بھی بادل جم کربرسیں گے،آج شام سے وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
ہفتہ اور اتوار کو بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے اور اس دوران اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،مون سون کا پہلا اسپیل 2 جولائی تک بارش برسائے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا دوسرا اسپیل 5 جولائی سے اثرانداز ہو گا۔
بارش حادثات
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث مختلف حادثات میں کم از کم 13 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارش نے گرمی کی لہر سے کچھ راحت تو فراہم کی، تاہم شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی بُری طرح متاثر ہوئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 افراد کو ایمرجنسی سروسز فراہم کی گئیں، جن میں سے 39 کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 7 جانبر نہ ہو سکے۔ سب سے زیادہ حادثات اوکاڑہ میں رپورٹ ہوئے جن کی تعداد 8 تھی، جبکہ ملتان میں 4، فیصل آباد، منڈی بہاؤالدین، جھنگ اور چنیوٹ میں 2، اور لاہور، قصور، جہلم، ساہیوال، مری، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک واقعہ پیش آیا۔
جہلم اور مظفرگڑھ میں 2،2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اوکاڑہ، بہاولنگر اور خانیوال میں ایک ایک شخص جان سے گیا۔
UrduLead UrduLead