
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں رواں ہفتے گرمی کا عالمی ریکارڈ بن سکتا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے جنوبی ایشیا میں گرمی 50 ڈگری کے عالمی ریکارڈ کو چھو سکتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
اس سے پہلے پاکستان کے شہر نواب شاہ میں 2018 کے اپریل میں پارہ 50 ڈگری تک گیا تھا جو ایشیا بھر میں گرمی کا ریکارڈ تھا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یکم مئی کو مغربی ہواں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں پر اثرانداز ہوسکتا ہے اور مغربی ہواں کا یہ سسٹم 5 مئی تک ملک پر اثر انداز رہے گا جس کے سبب مئی کے پہلے ہفتے میں بارش کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ 30 اپریل تک ملک کے جنوبی علاقوں(سندھ ،جنوبی پنجاب اور بلوچستان)میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 05 سے 07 ڈگری سینٹی گریڈجبکہ ملک کے بالائی علاقوں(وسطی/بالائی پنجاب،اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان)میں 04 سے 06 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے ۔
بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے ۔
گذشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔
گزشتہ روز ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں شہید بینظیر آباد49 ،رحیم یار خان،خیرپور، پڈعیدن، روہڑی اور دادو میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔