
ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر بدستور جاری ہے، محکمہ موسمیات نے تیس اپریل تک ہیٹ ویو کے تسلسل کا نیا الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے اور گرمی کی شدت میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں ریکارڈ کیا گیا جہاں پارہ 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ نواب شاہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری، حیدرآباد میں 43 ڈگری، جبکہ سکھر میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی میں گرمی کی شدت 39 ڈگری رہی تاہم ہوا میں نمی کے باعث محسوس کی جانے والی گرمی 41 ڈگری تک پہنچ گئی جس سے شہری نڈھال ہو گئے۔
بلوچستان کے علاقوں میں بھی شدید گرمی کا راج رہا، سبی میں درجہ حرارت 48 ڈگری اور تربت میں 46 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ پنجاب میں بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں پارہ 42 ڈگری، جبکہ لاہور اور ملتان میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی پڑی۔
خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہی، ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت 40 ڈگری اور پشاور و بنوں میں 39 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کا یہ سلسلہ تیس اپریل تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے، ہلکے کپڑے پہننے اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔