پاکستانی اداکار فواد خان بالی ووڈ میں آٹھ سال کے وقفے کے بعد ایک نئی رومانٹک کامیڈی فلم ’عبیر گلال‘ کے ساتھ واپسی کے لیے تیار ہیں۔
فلم میں وہ وانی کپور کے ساتھ پہلی بار اسکرین شیئر کریں گے۔ 2016 میں پاکستانی فنکاروں پر غیر سرکاری پابندی لگائے جانے کے بعد فواد کی یہ پہلی بالی ووڈ فلم ہے۔
اس سے پہلے فواد خان نے’خوبصورت’، ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ جیسی فلموں میں اپنی شانداراداکاری کے ساتھ دھوم مچادی تھی۔
لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان سیاسی کشیدگی کی وجہ سے خان کا بالی ووڈ کیریئر اچانک رک گیا، بھارتی مداح انہیں بالی وڈ میں دوبارہ دیکھنے کے ٓلیے بے چین تھے۔
اب عبیر گلال کے ساتھ ایسا لگتا ہے کہ فواد نے اپنا سفر وہیں سے شروع کیا ہے، جہاں سے چھوڑا تھا۔
لندن کے خوابوں کے پس منظر پر مبنی ’عبیر گلال‘ محبت، اور خود کی کھوج کرنے کی ایک دل کش کہانی ہے۔
آرتی ایس باگڈی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی دو ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو اپنے ذاتی زخموں سے نمٹتے ہوئے غیر ارادی طور پر ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ کاآغازاکتوبر اور نومبر کے دوران برطانیہ میں ہونے جارہا ہے۔ پروڈکشن ٹیم نے اس بات کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے کہ فلم کامیاب رہے۔
بالی ووڈ کے ایک معروف میوزک کمپوزر کو پہلے ہی چھ اوریجنل گانے تیار کرنے کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔
’عبیر گلال‘ کے پروڈیوسرز کو یقین ہے کہ یہ فلم نہ صرف فواد کے عالمی مداحوں کا دل جیت لے گی بلکہ اداکار کو ان کے ”اب تک کے سب سے پیارے کردار“ میں بھی دکھائے گی۔
وہ دلکش پرفارمنس دینے کے لئے فواد اور وانی کپور کے درمیان ناقابل تردید کیمسٹری پر انحصار کر رہے ہیں۔