google.com, pub-3199947851844297, DIRECT, f08c47fec0942fa0 کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا حملہ، 11 پولیس اہلکار شہید - UrduLead
منگل , دسمبر 24 2024

کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کا حملہ، 11 پولیس اہلکار شہید

صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں کم از کم 11 پولیس اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

صوبہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں علاقے ماچھکہ میں ڈاکوؤں نے دو پولیس موبائلوں پر راکٹ سے حملہ کرنے کے بعد شدید فائرنگ کی۔

دونوں پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈاکوؤں کی جانب سے ان پولیس موبائلوں پر راکٹ مارنے کے بعد فائرنگ بھی کی گئی۔

پولیس اہلکار کچے میں ڈیوٹی کے بعد واپس آرہے تھے کہ حملہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں 11 اہلکار شہید اور 10 زخمی ہو گئے۔

حملے میں شہید اہلکاروں کی لاشیں شیخ زید ہسپتال منتقل کردی گئیں اور ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کی دو گاڑیاں ہفتہ وار ڈیوٹی کرکے واپس آ رہی تھیں کہ ایک گاڑی خراب ہو گئی اور اچانک راکٹوں سے حملہ کردیا گیا۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ وہ سینئر افسران سمیت رحیم یار خان روانہ ہو گئے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے واقعے میں 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں کئی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیکریٹری داخلہ اور آئی جی کو فوری طور پر کچے کے علاقے میں پہنچ کر حملہ آوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کردی اور آئی جی پنجاب سے واقعے کی فوری رپورٹ بھی طلب کر لی۔

About Aftab Ahmed

Check Also

ملک کاروبار دوست نہیں رہا: پاکستان بزنس فورم

پاکستان بزنس فورم نے سال 2024 کو بزنس کمیونٹی اور عوام کے لیے مشکل ترین …