
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن کے اے ایس لیول ریاضی کے دوسرے پرچے کے بھی لیک ہونے کا انکشاف سامنے آگیا، جس کے بعد طلبہ اور والدین میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔
متعدد طلبہ نے بتایا کہ کوڈ نمبر 9709/5 کا ریاضی کا پرچہ پیر کو دوپہر 2 بجے شروع ہونا تھا، تاہم امتحان سے قبل ہی حل شدہ پرچہ سوشل میڈیا پر گردش کر رہا تھا۔ طلبہ کے مطابق جب وہ امتحانی مرکز پہنچے تو سوالیہ پرچہ وہی تھا جو پہلے ہی آن لائن موجود تھا، جس پر وہ حیران رہ گئے۔
آئی بی سی سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی ریاضی کے دوسرے پرچے کے ممکنہ لیک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور اس حوالے سے کیمبرج انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر کیمبرج حکام نے بھی معاملے کی تصدیق کی ہے، تاہم حتمی مؤقف کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک صورتحال ہے کہ کیمبرج کے پرچے مسلسل لیک ہو رہے ہیں اور اب تک امتحانی نظام کو محفوظ بنانے میں ناکامی سامنے آئی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کیمبرج نے اے ایس لیول ریاضی کے پرچے 9709/12 کے لیک ہونے کی تصدیق کی تھی، جو 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زونز 3 اور 4 میں لیا گیا تھا۔ کیمبرج کے مطابق پرچہ امتحان سے پہلے غیر مجاز طور پر تقسیم کیا گیا تھا، جس کے بعد تفصیلی تحقیقات کی گئیں۔
کیمبرج نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پرچے کے افشا کی نوعیت ایسی تھی کہ اسے نتائج کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، لہٰذا متاثرہ طلبہ سے دوبارہ امتحان لیا جائے گا۔ ادارے کے مطابق متبادل امتحان 9 جون 2026 کو جون سیریز کے شیڈول کے تحت منعقد ہوگا۔
دوسری جانب ڈاکٹر غلام علی ملاح نے بعد میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پرچہ آؤٹ ہونے کی حتمی تصدیق صرف کیمبرج انتظامیہ ہی کر سکتی ہے اور آئی بی سی سی اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہے۔
تعلیمی حلقوں نے مسلسل پیپر لیک ہونے کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور امتحانی نظام کو محفوظ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
UrduLead UrduLead