
کیمبرج انٹرنیشنل ایجوکیشن نے اے ایس لیول میتھمیٹکس کے ایک پرچے کے امتحان سے قبل لیک ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے متاثرہ امتحانی پرچہ منسوخ کرنے اور دوبارہ امتحان لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
کیمبرج کی جانب سے جاری میڈیا اسٹیٹمنٹ کے مطابق اے ایس لیول میتھمیٹکس کا پرچہ 9709/12، جو 29 اپریل 2026 کو ایڈمنسٹریٹو زونز 3 اور 4 میں منعقد ہوا تھا، امتحان سے پہلے غیر مجاز طور پر شیئر کیا گیا تھا۔
ادارے نے کہا کہ تفصیلی تحقیقات کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرچے کے افشا ہونے کی نوعیت ایسی ہے کہ اسے حتمی نتائج کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا، اس لیے مذکورہ پرچہ طلبہ کے گریڈز کے تعین میں شامل نہیں ہوگا۔
کیمبرج کے مطابق متاثرہ امیدواروں سے دوبارہ امتحان لیا جائے گا جبکہ طلبہ یا اسکولوں سے اس کے لیے کوئی اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ متبادل امتحان 9 جون 2026 کو جون سیریز کے شیڈول کے تحت منعقد کیا جائے گا جبکہ نتائج کے اجرا کی تاریخ 11 اگست 2026 ہی برقرار رہے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ طلبہ، والدین اور اسکولوں کو اس صورتحال سے ہونے والی پریشانی پر افسوس ہے، تاہم ادارہ شفاف اور منصفانہ نتائج کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کر رہا ہے۔
کیمبرج نے مزید بتایا کہ امتحانی پرچے کی چوری اور غیر مجاز شیئرنگ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت متعلقہ فریقین کے ساتھ مل کر ذمہ دار افراد کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا کہ امتحانی مواد شیئر کرنے یا اس کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں کیمبرج کی تمام اہلیتوں سے مستقل نااہلی بھی شامل ہو سکتی ہے۔
میڈیا اسٹیٹمنٹ میں کہا گیا کہ امتحانی بورڈز کو اکثر پرچوں کے لیک ہونے سے متعلق اطلاعات موصول ہوتی رہتی ہیں، تاہم بیشتر اطلاعات غلط ثابت ہوتی ہیں، لیکن اس معاملے میں تحقیقات کے بعد یہ واضح ہوا کہ متاثرہ پرچے کو نتائج کے لیے استعمال کرنا ممکن نہیں۔
کیمبرج نے کہا کہ 15 مئی تک اسکولوں کو تفصیلی ہدایات فراہم کر دی جائیں گی، جن میں نئے امتحان کے انعقاد، سوالیہ پرچوں کی ترسیل، جون 2026 سیریز سے دستبرداری اور نومبر 2026 امتحانات میں اندراج سے متعلق معلومات شامل ہوں گی۔
ادارے نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے باقی امتحانات کی تیاری پر توجہ برقرار رکھیں اور یقین دہانی کرائی کہ امتحانی نظام کی شفافیت اور طلبہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
UrduLead UrduLead