بدھ , مئی 13 2026

EV اسکوٹرز، بائیکس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ

پیٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) اسکوٹرز اور بائیکس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث مقامی مارکیٹ میں کئی مقبول ماڈلز کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

ڈیلرز کے مطابق صارفین کو اب ای وی بائیکس کی فوری فراہمی کے بجائے 30 روز تک انتظار کرنا پڑ رہا ہے جبکہ بعض ماڈلز پر 10 سے 15 ہزار روپے تک ’’اون‘‘ بھی وصول کیا جا رہا ہے۔

موٹر سائیکل ڈیلرز اور ماہرین کے مطابق اپریل 2026 کے دوران ملک بھر میں تقریباً 40 ہزار ای وی یونٹس فروخت ہوئے، جن میں 90 فیصد اسکوٹرز اور 10 فیصد ای وی بائیکس شامل تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ طلب اس سے کہیں زیادہ ہے جبکہ مارکیٹ میں ٹی فائیو-ایل، ویلیکس اور ایم تھری-ایچ جیسے مقبول ماڈلز کے سی کے ڈی کٹس کی کمی دیکھی جا رہی ہے۔

ایوی (Evee) کمپنی کے ڈائریکٹر سیلز اینڈ مارکیٹنگ حمزہ اسد نے کہا ہے کہ اسمبلرز نے چین سے سی کے ڈی کٹس کی درآمد کے لیے بڑے آرڈرز دے دیے ہیں اور توقع ہے کہ 25 مئی یا یکم جون تک ای وی اسکوٹرز اور بائیکس کی سپلائی معمول پر آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کی سازگار پالیسیاں برقرار رہیں تو دسمبر 2026 تک پاکستان میں ای وی فروخت 5 لاکھ یونٹس تک پہنچ سکتی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کیا تھا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 51 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔ نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول 399 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل 399 روپے 58 پیسے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔

موٹر سائیکل ماہر اور ڈیلر محمد صابر شیخ نے کہا کہ صارفین اب ایسے ای وی اسکوٹرز چاہتے ہیں جو ظاہری طور پر روایتی ’’بوائز بائیکس‘‘ جیسے دکھائی دیں۔ ان کے مطابق صارفین بڑے پہیوں، مضبوط سسپنشن، بہتر شاکس اور کم از کم 100 کلومیٹر رینج والی لیتھیم آئرن فاسفیٹ بیٹری والی بائیکس کو ترجیح دے رہے ہیں۔

انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ نئی انرجی وہیکل (NEV) پالیسی میں بیٹریوں کی درآمد پر 5 سال کے لیے خصوصی رعایت، صرف ایک فیصد جی ایس ٹی اور کسٹم ڈیوٹی مقرر کی جائے جبکہ اسمبلنگ لائسنس کے لیے پینٹ شاپ کی شرط ختم کی جائے۔

ماہرین کے مطابق معیاری اور مقبول ای وی اسکوٹرز اور بائیکس کی قیمتیں اس وقت ڈھائی لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک ہیں جبکہ بچوں کے لیے چھوٹی ای وی بائیکس ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک فروخت ہو رہی ہیں۔

وی لیکٹرا (VLEKTRA) کے بانی اور چیف ایگزیکٹو سید رضا محسن نے کہا کہ پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں اور پاکستان ایکسلریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن (PAVE) پروگرام میں عوامی دلچسپی نے ای وی بائیکس کی مانگ میں اچانک اضافہ کیا ہے، تاہم اگلے دو سے تین ماہ میں سپلائی صورتحال بہتر ہونے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپلائرز اپنی پیداواری صلاحیت بڑھا رہے ہیں اور حکومت کو چاہیے کہ وہ صنعت کے اعتماد کو برقرار رکھنے کے لیے سازگار پالیسیاں جاری رکھے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مالی خسارہ 9 ماہ میں 856 ارب روپے تک پہنچ گیا

مالی سال 2025-26 کی تیسری سہ ماہی میں پاکستان کی مالی صورتحال شدید دباؤ کا …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے