منگل , جنوری 27 2026

فارن ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے این آر ای نتائج مسترد کر دیے، پرو میٹرک سے منسلک کرنے کا مطالبہ

پاکستان فارن ڈاکٹرز میڈیکل گریجویٹس ایسوسی ایشن (پی ایف ایم جی اے) نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی) کے نیشنل رجسٹریشن امتحان (این آر ای) کے حالیہ نتائج کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے اور امتحان کو عالمی معیاری ٹیسٹ “پرو میٹرک” سے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم کے صدر ڈاکٹر طاہر خان سکندری نے کہا کہ این آر ای میں 7300 امیدواروں نے شرکت کی، مگر صرف 200 کو کامیاب قرار دیا گیا، جو کہ انتہائی غیر منصفانہ اور ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاج کی دھمکی دینے کے بعد پی ایم اینڈ ڈی سی نے راتوں رات پرانے تمام امتحانات کے نتائج ویب سائٹ پر اسکورز کے ساتھ اپ لوڈ کر دیے، جو اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ نتائج میں شفافیت کا فقدان ہے۔

ڈاکٹر طاہر خان نے مزید کہا کہ پی ایم اینڈ ڈی سی روزانہ نئے قوانین جاری کر رہی ہے مگر فارن میڈیکل گریجویٹس سے مذاکرات کرنے سے گریزاں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فارن گریجویٹس کے لائسنسنگ امتحان کو فوری طور پر پرو میٹرک سے منسلک کیا جائے تاکہ امتحان کا معیار عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہو۔

انہوں نے واضح اعلان کیا کہ اگر پی ایم اینڈ ڈی سی نے پالیسی میں تبدیلی نہ کی تو تنظیم لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرے گی اور کونسل کے مرکزی دفتر کے سامنے دھرنا دے کر شدید احتجاج کرے گی۔

دوسری جانب پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے فارن گریجویٹس کے الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ کونسل کے ترجمان کے مطابق این آر ای کی تیاری، انعقاد اور نتائج کا مکمل ذمہ دار نمز راولپنڈی ہے، جسے دو سال سے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

پی ایم اینڈ ڈی سی کا امتحان کے کسی بھی مرحلے میں کوئی براہ راست کردار نہیں۔ترجمان نے وضاحت کی کہ این آر ای کی کامیابی کا معیار 60 فیصد ہے اور امتحانی عمل کے تمام مراحل میں کسی بھی امیدوار کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا گیا۔

کونسل نے تمام امیدواروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ احتجاج کی بجائے قانونی اور رسمی چینلز کے ذریعے اپنے تحفظات پیش کریں۔یہ تنازع فارن میڈیکل گریجویٹس کی پیشہ ورانہ رجسٹریشن اور مستقبل کے حوالے سے اہم ہے اور دونوں فریقین کے درمیان بات چیت کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

‘سانول یارپیا’ کے خوشگوار اختتام پر فینز تقسیم

جیو ٹی وی کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا پرائم ٹائم ڈرامہ سیریل سانول …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے