منگل , جنوری 27 2026

جیٹس کے بدلے 2 ارب ڈالر قرض پر مذاکرات

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تقریباً 2 ارب ڈالر کے سعودی قرضوں کو پاکستان کے جے ایف۔17 تھنڈر فائٹر جیٹس کی فراہمی کے معاہدے میں تبدیل کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی مذاکرات جاری ہیں،

اس بات کا انکشاف دو معتبر پاکستانی ذرائع نے رائٹرز کی خصوصی خبر (ایکسکلوژو اسٹوری) میں کیا ہے۔ایک ذریعے کے مطابق یہ ممکنہ معاہدہ اضافی سازوسامان سمیت کل 4 ارب ڈالر تک کا ہو سکتا ہے۔ یہ پیش رفت گزشتہ سال ستمبر 2025 میں دونوں ممالک کے درمیان دستخط ہونے والے تاریخی باہمی دفاعی معاہدے کے چند ماہ بعد سامنے آئی ہے، جس کے تحت ایک ملک پر حملے کو دونوں پر حملہ تصور کیا جائے گا، جو دہائیوں پرانے سیکیورٹی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کا اشارہ ہے۔

ذرائع نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ مذاکرات کا بنیادی مرکز جے ایف۔17 ہے، جو پاکستان اور چین کے اشتراک سے تیار کردہ ہلکا پھلکا ملٹی رول جنگی طیارہ ہے اور اس کی تیاری پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس میں ہوتی ہے۔ ایک ذریعے نے کہا کہ جیٹس مرکزی آپشن ہیں جبکہ دیگر امکانات بھی زیر غور ہیں۔

یہ پیشرفت اس وقت ہو رہی ہے جب پاکستان شدید معاشی دباؤ کا شکار ہے اور سعودی عرب مشرق وسطیٰ میں امریکی وابستگیوں کے بارے میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اپنے سیکیورٹی شراکت داروں میں تنوع پیدا کر رہا ہے۔حال ہی میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے ریاض کے دورے کے دوران بھی فوجی تعاون سمیت دوطرفہ امور پر بات چیت ہوئی۔

ڈیفنس تجزیہ کاروں کے مطابق جے ایف۔17 کی مارکیٹ ویلیو اس کی جنگی کارکردگی – بشمول گزشتہ سال مئی میں بھارت کے ساتھ فضائی جھڑپوں میں مبینہ استعمال – اور مغربی متبادل کے مقابلے میں کم لاگت کی وجہ سے بڑھ گئی ہے۔

پاکستان اپنی معیشت کو مضبوط بنانے اور بین الاقوامی امداد پر انحصار کم کرنے کی حکمت عملی کے طور پر ڈیفنس برآمدات کو فروغ دے رہا ہے۔ حالیہ کامیابیوں میں لیبیا کے ساتھ 4 ارب ڈالر سے زائد کا اسلحہ معاہدہ اور بنگلہ دیش کے ساتھ جے ایف۔17 کی ممکنہ فروخت کے لیے مذاکرات شامل ہیں۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے حال ہی میں کہا کہ پاکستانی اسلحہ کی صنعت کی کامیابی ملک کی معاشی صورتحال کو تبدیل کر سکتی ہے اور ممکن ہے کہ چھ ماہ میں آئی ایم ایف کی ضرورت نہ پڑے۔

پاکستان کی وزارت دفاع اور خزانہ یا سعودی حکام نے ابھی تک ان مذاکرات پر سرکاری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔یہ ممکنہ معاہدہ اسلام آباد اور ریاض کے دیرینہ اسٹریٹیجک اتحاد کی عکاسی کرتا ہے، جہاں سعودی عرب نے کئی بار مالی امداد – بشمول ڈپازٹس کی رول اوور اور قرضوں کی فراہمی – سے پاکستان کو ادائیگیوں کے بحران سے بچایا، جبکہ پاکستان نے مملکت کو فوجی تربیت اور مشورتی معاونت فراہم کی ہے۔

About Aftab Ahmed

Check Also

مہنگائی اور شرح نمو پررپورٹ جاری

ایس اینڈ پی گلوبل مارکیٹ انٹیلیجنس نے پاکستان کے لیے اپنی تازہ معاشی پیشگوئیاں جاری …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے