
سرد موسم کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں خالص شہد کا روزانہ استعمال جسم کی قوت مدافعت کو مضبوط بناتا ہے اور موسمی امراض سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔
شہد کو قدرت کا انمول تحفہ قرار دیتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اینٹی بیکٹیریل، اینٹی آکسیڈنٹ اور جراثیم کش خصوصیات سے بھرپور ہوتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق سردیوں میں ایک چمچ شہد روزانہ کھانے سے جسم کو فوری توانائی ملتی ہے، گلے کی خراش دور ہوتی ہے اور سانس کی نالی کی سوزش کم ہوتی ہے۔
شہد میں موجود قدرتی اجزاء جیسے وٹامنز، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس مدافعتی نظام کو تقویت دیتے ہیں، جس سے وائرل انفیکشنز کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر نیم گرم پانی میں لیموں اور شہد ملا کر پینا نزلہ زکام کے لیے بہترین گھریلو علاج ہے۔
ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ شہد کو گرم دودھ، ادرک کی چائے یا ہربل ٹی میں شامل کر کے استعمال کیا جائے تو یہ جسم کو اندر سے گرم رکھتا ہے اور نیند کو بھی بہتر بناتا ہے۔
آیورویدک اور اسلامی طب میں بھی شہد کو شفاء کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔ قرآن مجید میں سورۃ النحل میں شہد کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا گیا کہ اس میں لوگوں کے لیے شفا ہے۔تاہم، ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ شہد کو ابال کر یا زیادہ گرم کر کے استعمال نہ کیا جائے کیونکہ اس سے اس کی غذائی قدر کم ہو جاتی ہے۔
شوگر کے مریضوں کو شہد محدود مقدار میں استعمال کرنا چاہیے اور ایک سال سے کم عمر بچوں کو شہد دینے سے گریز کریں۔ بازار سے خالص اور کچا شہد خریدیں تاکہ مکمل فوائد حاصل ہوں۔
سردیوں میں شہد کو اپنی روزمرہ غذا کا حصہ بنا کر آپ نہ صرف موسمی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ جلد کی نمی برقرار رکھنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے ، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
UrduLead UrduLead