
سردیوں کا موسم آتے ہی گھروں میں روایتی مٹھائیوں کی خوشبو پھیل جاتی ہے۔ گاجر کا حلوہ، سوجی اور انڈے کا حلوہ تو عام ہیں، مگر ایک قدیم اور کم معروف مٹھائی پیٹھے کا حلوہ بھی ہے جو ذائقے کے ساتھ ساتھ صحت کے بے شمار فوائد رکھتی ہے۔
سفید کدو یا پیٹھا (Ash Gourd/White Pumpkin) سے تیار کیا جانے والا یہ حلوہ نہایت لذیذ، ہلکا اور ہضم ہونے میں آسان ہوتا ہے۔
پیٹھا جنوبی ایشیا کی قدیم سبزیوں میں شمار ہوتا ہے اور پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش میں صدیوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
آگرہ کی مشہور پیٹھا مٹھائی تو دنیا بھر میں جانی جاتی ہے، تاہم گھریلو سطح پر پیتھے کا حلوہ خاص طور پر سردیوں میں تیار کیا جاتا ہے۔ پیٹھے میں تقریباً 90 فیصد پانی پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے یہ کم کیلوریز کے باوجود غذائیت سے بھرپور ہے۔
آیورویدک اور دیسی طب کے مطابق پیٹھا دماغی کمزوری، اعصابی مسائل، دمہ، خون کی بیماریوں اور گردے کی پتھری میں مفید سمجھا جاتا ہے۔ جب اسے دودھ، گھی، شکر اور خشک میوہ جات کے ساتھ حلوے کی شکل میں تیار کیا جاتا ہے تو اس کی غذائی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق پیٹھے کا حلوہ جسمانی کمزوری دور کرنے، تھکن مٹانے اور قوتِ مدافعت بڑھانے میں مددگار ہے، جبکہ فائبر کی موجودگی ہاضمے کو بہتر بناتی ہے۔
غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر پیٹھے کے حلوے میں شکر کم رکھی جائے تو یہ وزن کم کرنے والوں کے لیے بھی موزوں ہو سکتا ہے۔ سردیوں میں یہ حلوہ جسم کو حرارت فراہم کرتا ہے اور توانائی بحال رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
گھر پر پیٹھے کا حلوہ بنانے کی آسان ترکیب
اجزاء (4 سے 6 افراد کے لیے):
- پیٹھا (سفید کدو) – 1 کلو (چھیل کر کدوکش کیا ہوا)
- دودھ – 1 لیٹر
- شکر – 1 سے 1.5 کپ (ذائقے کے مطابق)
- گھی – 4 سے 5 کھانے کے چمچ
- الائچی پاؤڈر – آدھا چائے کا چمچ
- خشک میوہ جات (بادام، پستہ، کشمش) – حسبِ ذائقہ
- کھویا (اختیاری) – 100 گرام
ترکیب:
پیٹھے کو کدوکش کر کے اضافی پانی نچوڑ لیں۔ ایک برتن میں گھی گرم کریں اور پیٹھا ڈال کر ہلکی آنچ پر بھونیں، یہاں تک کہ نمی خشک ہو جائے اور خوشبو آنے لگے۔ اب دودھ شامل کر کے مسلسل ہلاتے رہیں تاکہ جلنے نہ پائے۔
دودھ گاڑھا ہو جائے تو شکر ڈالیں اور اچھی طرح مکس کریں۔ آخر میں الائچی پاؤڈر، کھویا اور خشک میوہ جات شامل کر کے مزید چند منٹ پکائیں، یہاں تک کہ گھی الگ نظر آنے لگے۔
یہ حلوہ تقریباً 45 سے 60 منٹ میں تیار ہو جاتا ہے۔ ماہرینِ غذائیت کے مطابق اعتدال میں کھایا جائے تو پیٹھے کا حلوہ سردیوں کی بہترین اور صحت بخش مٹھائی ثابت ہوتا ہے۔
اس موسمِ سرما میں گاجر کے حلوے کے ساتھ ساتھ پیٹھے کے حلوے کو بھی اپنی دسترخوان کا حصہ بنائیں اور گھر والوں کو ایک نئی، روایتی اور مفید مٹھائی سے متعارف کروائیں۔
نوٹ: یہ ایک معلوماتی مضمون ہے ، اپنی کسی بھی بیماری کی تشخیص اور اس کے علاج کےلیے ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔
UrduLead UrduLead