
ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ گھنی دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی جس سے سڑکوں پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے مطابق، موٹروے ایم ون کا پشاور ٹول پلازہ سے رشکئی انٹرچینج تک کا حصہ شدید دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس راستے پر سفر سے گریز کریں اور متبادل راستوں کا استعمال کریں۔
پنجاب کے وسطی اور شمالی علاقوں سمیت خیبرپختونخوا کے کئی شہروں میں دھند کی شدت صبح سویرے اور رات کے اوقات میں مزید بڑھ جاتی ہے۔ لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور پشاور سمیت متعدد شہروں میں دھند نے فضا کو مکمل طور پر ڈھانپ رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند دنوں تک دھند برقرار رہنے کی پیش گوئی کی ہے اور شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈرائیوروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔دھند کی وجہ سے پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلیاں آئی ہیں جبکہ کئی اندرونی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال بہتر ہونے تک مسافروں کو صبر سے کام لینا چاہیے۔موٹروے پولیس نے ہیلپ لائن نمبرز جاری کرتے ہوئے شہریوں سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔
UrduLead UrduLead